گورنر پنجاب انجینئر محمد بلیغ الرحمن کا اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کا دورہ وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کی تقریب میں شرکت
تحریر ۔۔۔۔۔۔ (محمد اسد نعیم) (شعبہ تعلقات عامہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور)
انجینئر محمد بلیغ الرحمن کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں۔ اپنی وزارت کے دور میں انہوں نے تعلیم اور امور داخلہ میں غیر معمولی خدمات سرانجام دیں- روشنیوں کے شہر کراچی میں تین دہائیوں کے بعد امن کی بحالی ہو یا فاٹا اور دیگر قبائلی علاقوں میں آزاد فضاوں کو واپس لانا اور بلوچستان کو بھی امن وآشتی سے روشناس کرایا-
اعلی تعلیم کے شعبے میں 120 ارب روپے سے زائد کی گرانٹ بھی پہلی بار انہں کے دور میں فراہم کی گئی۔ یہ گرانٹ2013 میں صرف 34 ارب روپے تھی ۔ یکساں تعلیمی نصاب دراصل بلیغ الرحمن صاحب کے دور میں ہی نافذ ہوا جو اسلامی تعلیمات کےمطابق اور قومی امنگوں کا ترجمان تھا- قرآن پاک کی تعلیم کو بھی سکول، کالج اور یونیورسٹی کے نصاب کا حصہ بنایا گیا-انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے علاقے بطور رکن قومی اسمبلی، وزیر تعلیم بہاولپور کی ترقی کے لئے بھی بے پناہ خدمات سر انجام دی – نئے کالجز، پولی ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ، ووکیشنل ادارے، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا کیمپس، دو نجی جامعات کے کیمپس، گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی، چولستان یونیورسٹی آف ویٹرنری سائنسز بھی انہی کے دور میں قائم ہوئ-
بہاولپور میں فلائی اوور اور انڈر پاس اور شہر و دیہی علاقوں میں سڑکوں کا جال تعمیر ہوا۔اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کیلئے انجینئر بلیغ الرحمن نے بہت ذیادہ کام کیا _ بہاولپور کیمپس میں فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسز اور ہاسٹلز کے لیے 87 کروڑ روپے، بہاولنگرکیمپس میں فیکلٹی کی عمارت کیلئے 54 کروڑ روپے اور رحیم یار خان کیمپس کی عمارت اور باونڈری وال کے لئیے 76 کروڑ روپے کی گرانٹ منظور ہوئی۔ اہم بات یہ ہے کہ یہ منصوبے انہیں کے دور میں پایہ تکمیل کو بھی پہنچ گئے۔ اور اب انہوں نے جھانگڑہ موٹروے ایکسپریس وے اور طالبات کے لیے ہوم اکنامکس کالج کا بھی خواب ممکن کر دکھایا۔ بہاولپور کے لیے بہت اعزاز کی بات ہے کہ گورنر پنجاب جیسے بڑے آئینی عہدے کے لیے انجینئر محمد بلیغ الرحمن کا انتخاب کیا گیا- انجینئر محمد بلیغ الرحمن امریکہ میں ریاست فلاڈلفیا کی نامور یونیورسٹی سے الیکٹرکل انجینیرنگ میں ڈگری یافتہ ایک بڑے سیاسی خانوادے کے چشم و چراغ ہیں۔ انکے والد میاں عقیل الرحمان نے رکن اسمبلی کے طور پر بہاولپور کی نمائندگی کی۔ گزشتہ دنوں گورنر پنجاب و چانسلر انجینئرمحمد بلیغ الرحمن جامعہ اسلامیہ بہاولپور کے دورے پر عباسیہ کیمپس تشریف لائے۔
گورنر پنجاب انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر کے ہمراہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے وزیر اعظم پاکستان لیپ ٹاپ سکیم فیز تھری کے تحت طلبہ وطالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے ۔ غلام محمدگھوٹوی ہال میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ خصوصی طلباء وطالبات کو تعلیمی سہولیات کی فراہمی وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کے ویژن کے مطابق فروغ تعلیم کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنانا ہے۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ تعلیم یافتہ نوجوان نسل ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔ نوجوان نسل کی تعلیم و تربیت اور کردار سازی روشن مستقبل کی ضامن ہے۔ اس موقع پر وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر، سابق پارلیمنٹیرنز بیگم پروین مسعود بھٹی، فوزیہ ایوب قریشی، حسینہ ناز، خالد محمود ججہ، افضل گل، وائس چانسلر چولستان یونیورسٹی آف اینمل سائنسز بہاول پور پروفیسر ڈاکٹر سجاد حسین، وائس چانسلر صادق ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر صاعقہ امتیاز، مسلم لیگی رہنما ڈاکٹر رانا محمد طارق، سعد مسعود، میاں شاہد اقبال، اساتذہ و طلبہ و طالبات موجود تھے۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کے گزشتہ دورِ حکومت میں میرٹ پر ذہین طلبا وطالبات کو 5 لاکھ سے زائد لیپ ٹاپ دئیے گئے۔ اس سکیم کا دوبارہ اجراء کر دیا گیا ہے اور اس ماہ اسلامیہ یونیورسی بہاول پور کے3ہزار سے زائد طلبا و طالبات کو میرٹ پر لیپ ٹاپ دئیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میرٹ کی بالا دستی پاکستان مسلم لیگ (ن) کا طرہ امتیاز ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت نے نوجوان نسل کو نفرت کے فروغ کے لیے استعمال کیا۔ پاکستان کے عوام میں سوشل میڈیا کے ذریعے نفرت کے پرچار کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو میرٹ پر لیپ ٹاپ فراہم کیے گئے ہیں ان کی سیاسی وابستگی کسی بھی جماعت سے تھی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ حکومت کے دور میں کرپشن میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور بہاول پور کے معاملہ کو سوشل میڈیا پر بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر غلیظ ویڈیوز کو اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے ساتھ بغیر تحقیق کے منسلک کرنا تکلیف دہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی کے مالی معاملات، منشیات و ہراسگی کے تمام پہلوؤں پر اعلیٰ سطحی تحقیقات ہورہی ہیں اور کسی بھی قسم کے بے قاعدگی پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے اساتذہ کرام اور طلبا و طالبات قابل احترام ہیں، ان کی ساکھ متاثر نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی تعلیم اور خود مختاری کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال پر زیر و ٹالرنس پالیسی ہے اور اس قسم کے مذموم کاروبار میں ملوث افراد کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر نے کہا کہ گورنر پنجاب کی اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور آمد پر اور انکی حوصلہ افزائی پر شکر گزار ہیں۔ وزیر اعلٰی پنجاب محسن نقوی نے بجا طور پر کہا ہے کہ مائیں تسلی رکھیں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور انکی بیٹیوں کے لیے بالکل محفوظ ہے۔ وائس چانسلر نے لیپ ٹاپ سکیم سے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے طلباء وطالبات کو مستفید کرنے پر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور ہائرایجوکیشن کمیشن کا شکریہ ادا کیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ قائم علی شاہ نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے طلباء وطالبات کو 4400 لیپ ٹاپ دیے جائیں گے اور یہ جدید ترین لیپ ٹاپ ہیں۔