ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں وزارت داخلہ کے قریب خودکش حملہ-

انقرہ: ترک وزارت داخلہ کے مطابق دو دہشت گردوں نے انقرہ کی پارلیمنٹ اور وزارت داخلہ کے قریب خودکش حملہ کیا۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق، انقرہ میں ترکی کی وزارت داخلہ کے باہر خودکش بم دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں دو پولیس افسران کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں-
ترک حکام کے مطابق، دونوں دہشت گرد ایک کار میں پہنچے، جن میں سے ایک نے عمارت کے گیٹ پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا جب کہ دوسرا مارا گیا۔ اس واقعے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے اور حکام وزارت داخلہ کی عمارت پر حملے کو دہشت گردی کا واقعہ قرار دے رہے ہیں۔ پولیس کی بھاری نفری فوراً موقع پر پہنچ گئی۔
یوتھ ویژن نیوز نے اطلاع دی ہے کہ حملہ صبح 9:30 بجے ہوا۔ جس کے بعد وزارت داخلہ اور پارلیمنٹ کی عمارتوں کے اطراف سیکیورٹی بڑھا دی گئی۔

ترک پارلیمنٹ کے تمام اراکین بشمول صدر رجب طیب اردگان، موسم گرما کی تعطیلات کے بعد مقننہ کے پہلے اجلاس کے لیے دوپہر کو پہنچنے کے لیے متوقع تھے۔ یہ حملہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب ترک حکام داعش کے ارکان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کر رہے ہیں، حالانکہ یہ واضح نہیں ہے کہ کون ذمہ دار ہو سکتا ہے۔