پاکستانی نرسوں کیلئے امریکی گرین کارڈ حاصل کرنے کا سنہری موقع
امریکا میں نرسوں کی شدید کمی کے باعث انگریزی بولنے کی صلاحیت رکھنے والی لاکھوں نرسوں کو گرین کارڈ دینے کا اعلان کردیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق امریکی ہسپتالوں میں ان دنوں نرسوں کی شدید قلت کے بدترین بحران کا سامنا ہے، کیونکہ نرسوں کی اکثریت نے ریٹائرمنٹ لے لی ہے یا ملازمت چھوڑ کرچلے گئے ہیں۔
دوسری طرف ہسپتالوں کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ امریکی اسکولوں سے اتنی زیادہ تعداد میں نرسیں نہیں نکل رہیں جتنی کہ ان کی طلب ہے۔
یونیورسٹی اف کیلی فورنیا سان فرانسسکو کی حالیہ رپورٹ کے مطابق صرف کیلی فورنیا میں چالیس ہزار نرسوں کی کمی ہے یعنی ورک فورس کا چودہ فیصد کم ہے۔
صورت حال کے پیش نظر کورونا کی وبا کے دوران بند رہنے والے امریکی قونصل خانوں نے امریکی شہریوں کے رشتہ داروں کو ویزے جاری نہیں کیے اور قانون کے مطابق یہ غیر استعمال شدہ کوٹہ اہل کارکنوں کو منتقل کردیے گئے ہیں۔
اس لئےاس سال نرسوں سمیت غیر ملکی پیشہ ور افراد جو امریکہ منتقل ہونا چاہتے ہیں کےلیے دوگنی تعداد میں گرین کارڈ دستیاب ہیں۔
امریکا میں عام طور پر نرسنگ سمیت مخصوص پیشہ ورانہ ملازمتوں کےلیےامریکہ ہر سال ایک لاکھ چالیس ہزار گرین کارڈ دینے کی پیشکش کرتا ہے۔
یہ زیادہ تر ان لوگوں کو جاری کیے جاتے ہیں جو عارضی ویزے پر امریکہ میں ہی موجود ہوں، تاہم ان میں سے کچھ بیرون ملک رہنے والوں کو بھی دیے جاتے ہیں۔ تاہم اس سال دو لاکھ اسی ہزار گرین کارڈ دستیاب ہیں۔