ویمنز ورلڈکپ کوالیفائر،پاکستان ویمنز نے زمبابوے ویمنز کو 114 رنز سے ہرا دیا
ہرارے۔( عاقب ابراہیم غوری سے): پاکستان نے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر کے اہم میچ میں زمبابوے کو 114 رنز سے شکست دے دی، زمبابوے کی ٹیم 196 رنز کے تعاقب میں 81 رنز پر ڈھیر ہو گئی، انعم امین اور سعدیہ اقبال نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، انعم امین کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
گزشتہ روز ہرارے میں کھیلے گئے گروپ بی کے میچ میں پاکستان ویمنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے، کپتان جویریہ خان اور عالیہ ریاض نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور بالترتیب 48 ، 48 رنز بنائے، دیگر بیٹرز میں ارم جاوید 24 اور منیبہ علی 19 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔
زمبابوے کی خواتین ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 26.2 اوورز میں 81 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، شارنی میئرز 18 اور ایشلی اینڈرایا 17 رنز بنا کر نمایاں رہیں، پاکستان ویمنز کی طرف سے انعم امین اور سعدیہ اقبال نے تین، تین جبکہ فاطمہ ثناء اور عمائمہ سہیل نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، انعم امین کو میچ کی بہترین پلیئر کا ایوارڈ دیا گیا۔