انٹرنیٹ معطلی کی وجہ تکنیکی خرابی، پی ٹی اے نے وضاحت دے دی
یوتھ ویژن: علی غوری خانزادہ سے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک بھر میں گزشتہ روز انٹرنیٹ معطلی کی وجہ تکنیکی خرابی بتادی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پی ٹی اے کے آفیشل اکاؤنٹ سے جاری کردہ ٹویٹ کے ذریعے بیان جاری کیا گیا۔ ٹویٹ میں لکھا گیا کہ ‘پی ٹی اے کی جانب سے عوام الناس کو مطلع کیا جاتا ہے کہ انٹرنیٹ میں جو تعطل آیا اس کی وجہ تکنیکی خرابی تھی۔’
پی ٹی اے کی طرف سے کہا گیا کہ ‘اس تکنیکی خرابی کو درست کرکے انٹرنیٹ کو ملک بھر میں مکمل طور پر بحال کر دیا گیا ہے۔’
خیال رہے کہ گزشتہ روز ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز معطل ہونے کی شکایات سامنے آئی تھیں جس کے باعث صارفین کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز تک رسائی میں مشکلات کا سامنا تھا۔
ایک ماہ کے اندر ملک میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو خلل کا سامنا کرنے کا یہ تیسرا واقعہ تھا۔ اسے سے قبل 7 جنوری کو ملک بھر میں سوشل میڈیا پلیٹس فارمز کی سروس ڈائون ہوگئی تھی۔
ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز متاثر ہونے پر سوشل میڈیا صارفین کے بھی دلچسپ تبصرے سامنے آرہے ہیں۔
ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا کہ ‘جب بھی کوئی آن لائن سیاسی ایکٹیویٹی ہوتی ہے تو انٹرنیٹ سروسز کیوں معطل ہوجاتی ہیں؟ دونوں کا آپس میں کیا تعلق ہے؟
ایک اور صارف نے سوال کیا کہ سوشل میڈیا سروسز کی معطلی کوئی تکنیکی خرابی ہے یا پھر نیت کی خرابی ہے؟