دہشتگرد گروپ نے بھارتی وزیر اعظم مودی اور احمد آباد اسٹیڈیم کو دھماکے سے اڑانے کی دھمکی دیدی
پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ورلڈ کپ میں 14 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندرا مودی اسٹیڈیم میں مد مقابل ہوں گی تاہم اس سے پہلے ہی بھارتی پولیس کو اسٹیڈیم کو اڑانے کی دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ای میل میں دہشتگردوں نے 500 کروڑ روپے ادا کرنے اور گینگسٹر روی بشنوئی کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ای میل میں کہا گیا ہے کہ نریندرا مودی اسٹیڈیم پر حملے کے لیے بندے بھی تعینات کر دیے گئے ہیں۔
دہشتگرد گروپ ای میل میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارت میں سب کچھ بیچا جاتا ہے اور ہم نے بھی کچھ خریدا ہے، اپ جتنی مرضی سکیورٹی بڑھائیں، ہم سے بچ نہیں سکتے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جس آئی ڈی سے ای میل کی گئی اسے ٹریس کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، لگتا ہے کہ ای میل یورپ سے آئی ہے۔ ورلڈکپ کے میچز کی سکیورٹی کو ریویو کریں گے، ضرورت پڑنے پر سکیورٹی بڑھائی جائے گی۔
بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ پولیس نے خالصتان تحریک کے رہنما گرپتونت سنگھ پنوں پر ورلڈکپ کے میچز میں حملوں کی دھمکیوں کا الزام لگایا ہے ، پولیس نے گرپتونت سنگھ پنوں کیخلاف مقدمہ بھی درج کر لیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ گرپتونت سنگھ نے ورلڈ کپ میچز کے دوران حملے کی دھمکی دی ہے۔