عالمی یوم امن کےموقع پربھاولپورمیوزیم میں بچوں کے درمیان ڈرائنگ وپینٹنگ کے مقابلے کا انعقاد
یوتھ ویژن نیوز : عالمی یوم امن کے موقع پر آج بہاول پور میوزیم میں بچوں کے درمیان مقابلہ ڈرائنگ و پینٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ مقابلہ میں 6 سے 8 اور 9سے 11سال کے طلبہ و طالبات شریک ہوئے اور اس سال کے دئیے گئے عنوان Action for Peace our ambitions for the global goals پر پینسل ایسکیچز اور رنگوں کی مدد سے اپنا آرٹ ورک تخلیق کیا۔
عالمی یوم امن ہر سال 21 ستمبر کو منایا جاتا ہے. یہ دن امن و صلح سے مخصوص ہے۔ اس دن کو منانے کا آغاز 1982 میں ہوا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر بہاول پور میوزیم محمد زبیر ربانی نے اپنے بیان میں کہا کہ برداشت، ہم آہنگی اور انسانیت کا احترام عالمی یوم امن کا پیغام ہے۔
انھوں نے کہا کہ آج کا یہ دن منانے کا مقصد ہماری اعلی روایات کو پروان چڑھانا اور نوجوان نسل میں اس دن کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔انھوں نے کہا کہ رسمی تعلیمی اداروں کی طرح بہاولپور میوزیم بھی اپنے ڈسپلے اور یہاں منعقد ہونے والی تقریبات کے زریعے امن کے کلچر کو فروغ دینے میں سر گرم عمل ہے۔ ڈائریکٹر میوزیم نے کہا کہ امن کے فروغ کے لیے نسل نو کی مخفی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہمارا مطمع نظر ہے ۔
اس مقصد کے لیے بہاولپور میوزیم نوجوانوں کی صلاحیتوں کو صحیح سمت میں گامزن کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کر رہا ہے۔ تقریب کے اختتام پر ڈپٹی ڈائریکٹر رشید احمد ارشد،کیمسٹ سعدیہ نورین، آفیسر تعلقات عامہ نادیہ نورین،پروگرام کوارڈینیٹر بینش صباح اور رخسانہ شاہین نے مقابلہ میں شرکت کرنے والے طلبہ و طالبات میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔