اسلامیہ یونیورسٹی بہاو ل پور میں انسدادِ ڈینگی مہم کے سلسلے میں مختلف سرگرمیاں جاری
بھاولپور ( علی رضا غوری سے )اسلامیہ یونیورسٹی بہاو ل پور میں حکومت پنجاب کے احکامات کے مطابق انسدادِ ڈینگی مہم کے سلسلے میں مختلف سرگرمیاں جاری ہیں۔گزشتہ روز اسٹیٹ کیئر کے زیر اہتمام یونیورسٹی انفارمیشن آفس (کے جی ایم)بغداد الجدید کیمپس میں خصوصی سیمینار منعقد کیا گیا۔اس موقع پر ڈاکٹر محمد لطیف پرنسپل آفیسر اسٹیٹ کیئر نے کہا کہ اس سلسلے میں احتیاطی تدابیر کے حوالے سے ہفتے میں دو سے تین بار گھروں، دفاتر اور دکانوں میں صفائی کر کے مچھر مار ادویات کا سپرے کرنا چاہیے۔
ڈینگی مچھر کی افزائش صاف پانی میں ہوتی ہے اس لیے صاف پانی جمع کرنے کے برتنوں مثلاً گھڑے،ڈرم، ٹینکی وغیرہ کو مناسب طریقے سے ڈھانپ کر رکھنا چاہیے۔آج کل روم کولر کے استعمال کا موسم ہے اس لیے جب بھی یہ استعمال میں نہ ہوں ان میں سے پانی نکال لینا چاہیے۔مچھروں سے بچاؤ کے لیے کوائل، میٹ، لوشن اور مچھر دانی کا استعمال بھی کرنا چاہیے۔گھروں کے اندر چھتوں، پودوں کی کیاریوں، گملوں، پرانے برتنوں اور ٹائروں میں پانی جمع نہ ہونے دیں۔دریں اثناء تمام تدریسی اور انتظامی شعبہ جات، ہاسٹلز اور کالونیوں میں صفائی اور سپر ے کے انتظامات کیے جارہے ہیں۔ برسات کے دوران تمام ایسی جگہوں پر جہاں پانی کھڑا ہو سکتا ہے بند کیا جا رہا ہے۔پانی کے برتن اور واٹر ٹینک وغیرہ کو ڈھانپا جا رہا ہے۔ روم کولرز، ائیر کنڈیشنرز اور ریفریجریٹر سے نکلنے والے پانی کو پھیلنے سے روکنے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
صفائی کے عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ بارش کی صورت میں پانی کو اکٹھا نہ ہونے دیا جائے، چھتوں کی صفائی کی جائے اور کوڑے کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کا بندوبست کیا جائے۔واش رومز اور کچن میں لگے ہوئے ڈرین پائپوں سے پانی کے اخراج کو روکا جائے اور گملوں کو صاف ستھرا رکھا جائے۔ یونیورسٹی میں واقع مصنوعی جھیلوں میں ڈینگی لاوے کو کھانے والی مچھلیوں یا مناسب ادویات کے چھڑکاؤ، اینٹی ڈینگی سپرے اور فوگنگ کا بندوبست کیا جا رہا ہے۔ تعمیراتی سامان اور پرانے ٹائرز وغیرہ میں پانی اکھٹا نہ ہونے دیا جائے۔ اِسی طرح سیوریج سسٹم کو بھی فعال رکھا جا رہا ہے۔ ڈینگی مچھر کے افزئش کی تمام ممکنہ جگہوں کی باقاعدہ نگرانی کی جا رہی ہے۔