دوصوبوں کی پولیس بے بس؟ کچے کے آپریشن ناکام، انڈس ہائی وے سے 2 افراد اغوا
راجن پور: صوبہ پنجاب اور سندھ پولیس کی جانب سے تسلسل کے ساتھ کچے کے علاقے میں کیے جانے والے آپریشن اس لحاظ سے ناکام ثابت ہوئے ہیں کہ انڈس ہائی وے سے مزید افراد کو اغوا کر لیا گیا ہے۔
ذمہ دار ذرائع کے مطابق ڈاکوؤں کی ایک ٹولی راجن پور میں انڈس ہائی وے سے دو افراد کو اغوا کر کے اپنے ہمراہ کچے کے علاقے میں لے گئی ہے۔
پولیس ابھی تک مغویوں کو بازیاب کرانے میں بے بس دکھائی دے رہی ہے اور ناکام بھی ثابت ہوئی ہے۔ اس حوالے سے علاقہ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں اغوا ہونے والے افراد کو اندرون کچے کے علاقے سے اغوا کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ کشمور سے اغوا کیے جانے والے ایس ایچ او سمیت تین اہلکاروں کو بھی تاحال بازیاب نہیں کرایا جا سکا ہے۔
علاقہ پولیس کے مطابق ایس ایچ او سمیت اہلکاروں کو بازیاب کرانے کے لیے آپریشن جاری ہے جس کے دوران پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا ہے۔
اس حوالے سے ایس ایس پی عرفان سموں کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کے تیغانی گینگ نے اہلکاروں کو اغوا کیا ہے