الیکشن کمیشن کی طرف سے تمام سیاسی جماعتوں کے مالی کھاتے قوم کے سامنے آنے چاہئیں تا کہ لوگوں کو پتہ چلے کہ کس پارٹی کی فنڈنگ کا کیا سسٹم ہے‘فرخ حبیب

habib 1 1 696x418 1

لاہور۔ (عمران قذافی سے):وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے تمام سیاسی جماعتوں کے مالی کھاتے قوم کے سامنے آنے چاہئیں تا کہ لوگوں کو پتہ چلے کہ کس پارٹی کی فنڈنگ کا کیا سسٹم ہے۔

گورنر ہائوس لاہور میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف اوورسیزکی فنڈنگ کا ایک نظام لے کرآئی اور 40ہزار ڈونرز کا ریکارڈ جمع کروایا اسی طرح دو بڑی جماعتوں پی پی پی اور (ن) لیگ کے اکائونٹس کا ریکارڈ بھی قوم کے سامنے آنا چاہیے کیونکہ ان کے درجنوں اکائونٹ ایسے ہیں جن کا ریکارڈ الیکشن کمیشن کے پاس نہیں جب سکروٹنی کمیٹی ایک ہی ہے تو حقائق سامنے لانے میں تاخیر کیوں ہو رہی ہے

۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف وہ پہلی جماعت ہے جس نے فنڈ ریزنگ کا ایک مربوط نظام قائم کیااور اوورسیز کی فنڈنگ کے ممبرز کا تصور لے کر آئے ۔ انہوں نے کہا کہ 2017ء کے اوائل میں دو بڑی جماعتوں پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کے اکائونٹس کی جانچ پڑتال کے لئے الیکشن کمیشن کی سکروٹنی کمیٹی بنی لیکن ابھی تک دونوں جماعتوں کی سکروٹنی کا عمل مکمل نہیں کیا گیا اور وہ کروڑوں روپے جو 2013ء سے 2015ء کے دوران فنڈنگ کی مد میں وصول ہوئے اس کی سکروٹنی کمیٹی جانچ پڑتا ل کر رہی ہے لیکن ابھی تک دونوں جماعتوں کی طرف سے کئی اکائونٹس کا ریکارڈ جمع نہیں کروایا جا سکا۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ حنیف عباسی کیس میں الیکشن کمیشن کو ہدایت دے چکی ہے کہ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ تمام سیاسی جماعتوں کے پارٹی اکائونٹس کی جانچ پڑتال کویقینی بنائے لیکن ابھی تک دو بڑی جماعتوں کی سکروٹنی کا عمل مکمل نہ ہونا سمجھ سے بالاتر ہے اور یہ بھی سمجھ میں نہیں آتا کہ اس میں تاخیر کیوں ہو رہی ہے حالانکہ سکروٹنی کمیٹی ایک ہی ہے جو پی ٹی آئی کے فنڈنگ کی بھی جانچ پڑتال کررہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ سے اگر پوچھا جاتا ہے کہ ان کے اکائونٹ میں 5کروڑ کی ٹرانزکشن ہوئی تو پتہ چلتا ہے کہ جس نے رقم بھیجی وہ بندہ ہی مر چکا ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور سکروٹنی کمیٹی سے مطالبہ ہے کہ تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی جہاں جانچ پڑتال کرنی ہے وہاں پی پی پی (ن) لیگ اور پی ٹی آئی کی فنڈنگ تفصیلات اور حقائق بیک وقت قوم کے سامنے لائے جائیں تا کہ قانون کی بالادستی قائم ہوسکے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں