بارشوں سے ڈینگی کے کیسز میں اضافہ، مریضوں کی تعداد 300 سے بڑھ گئی
یوتھ ویژن نیوز ( عمران قذافی سے ) مون سون بارشوں کے بعد ڈینگی کے کیسز میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے، راولپنڈی میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 300 سے تجاوز کرگئی۔
تفصیلات کے مطابق جڑواں شہر راولپنڈی میں ڈینگی کا خطرہ مسلسل بڑھنے لگا، محکمہ صحت راولپنڈی کا کہنا ہے کہ شہر کے تینوں اسپتالوں میں ڈینگی کا شکار مریضوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ضلع بھر سے 31 افراد میں ڈینگی وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جنوبی کوریا ایک بار پھردنیا میں کم ترین شرح پیدائش والا ملک
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ 20 مریض پوٹھوہار ٹاؤن سے سامنے آئے ہیں جس کے بعد رواں برس ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 306 تک پہنچ گئی ہے جبکہ صرف ایک شخص کا ڈینگی کے باعث انتقال ہوا۔
رپورٹ کے مطابق اب تک وارننگ کے باوجود لاروا کی افزائش نسل کرنے پر 1100 مقدمات درج ہوچکے ہیں جبکہ ڈینگی لاروا کی افزائش نسل پر 33 لاکھ روپے جرمانہ کیا جاچکا ہے۔
راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ کی رپورٹ
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ سالوں کی نسبت رواں برس 500 ملی لٹر سے زائد بارشیں ریکارڈ کی گئیں جس کے بعد ڈینگی وائرس کے کیسز میں بتدریج اضافہ جاری ہے۔
رپورٹ کے مطابق ان ڈور سرویلینس کے دوران 22240 جب کہ آؤٹ ڈور 2590 مقامات سے ڈینگی لاروا تلف کیا گیا ہے۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ راولپنڈی میں تاحال 89 افراد اسپتال میں زیر علاج ہیں، ڈینگی وائرس کے خاتمے کیلئے 1780 انسداد ڈینگی ٹیمیں روزانہ جنگی بنیادوں پر شہر کے مختلف علاقوں کی چیکنگ کر رہی ہیں جبکہ سرویلینس کو مزید بہتر بنانے کیلئے مزید 1000 افراد کو بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ماہ اگست میں ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر 313 جبکہ ٹوٹل 950 سے زائد افراد کے خلاف مقدمات درج کیے ہیں اور بارہا نوٹسز کی خلاف ورزیوں پر 15 مقامات کو سیل کیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کیجانب سے ایمرجنسی کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف اسپتالوں میں 1400 بیڈز کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔