سابق ٹیسٹ کرکٹر ذوالقرنین حیدر معدے کے عارضے میں مبتلا، پی سی بی سے مدد کی اپیل
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپر ذوالقرنین حیدر معدے کے عارضے میں مبتلا ہو گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عمان لیگ کھیلنے کے بعد کرکٹر نے معدے میں شدید درد کے باعث آپریشن کروایا ہے تاہم مالی مشکلات کے باعث وہ پی سی بی سے مالی امداد کے منتظر ہیں۔
اپنی بیماری سے متعلق سابق کرکٹر نے بتایا کہ میں عمان میں لیگ کھیلنے میں مصروف تھا۔ اس دوران، میں نے کہیں باسی کھانا کھایا اور اس سے میرے پیٹ میں شدید انفیکشن ہوا۔ بیرون ملک مہنگے علاج کی وجہ سے میں نے پاکستان آنے اور اپنی سرجری کروانے کو ترجیح دی۔
انہوں نے کہا کہ سرجری کے بعد اب میں کمزوری محسوس کر رہا ہوں اور ٹھیک سے چل بھی نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی کی ایک ٹیم نے اسپتال میں میری عیادت کی ہے اور مجھے امید ہے کہ بورڈ میرے بلوں کو کلیئر کر دے گا۔
ذوالقرنین کے اہل خانہ نے حکومت سے کرکٹر کے مستقل روز گار کی اپیل کی ہے۔