اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کا پہلا آٹو شو
اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں ایک روزہ آٹو شو کا انعقاد
تحریر :احمد شہزاد ،طالب علم صادق پبلک سکول بہاولپو
تاریخ اسلامیہ یونیورسٹی آف بہاولپور
اسلامیہ یونیورسٹی آف بہاولپور ایک سرکاری یونیورسٹی ہے جو بہاولپور، پاکستان میں واقع ہے۔ اس جامعہ کی ایک بھرپور تاریخ ہے جب 1925 میں اسے جامعہ عباسیہ کے نام سے قائم کیا گیا۔ 1975 میں پنجاب اسمبلی سے چارٹرڈ یونیورسٹی قرار پانے کے بعد اس کا نام دی اسلامیہ یونیورسٹی آف بہاولپور رکھ دیا گیا۔ بہاولپور میں عباسیہ ، خواجہ فرید اور بغدادالجدید کیمپسز کیساتھ ساتھ اس یونیورسٹی کے بہاولنگر، رحیم یارخان اور لیاقتپور میں بھی کیمپس قائم ہیں۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے 126 تدریسی شعبے ہیں جہاں 300 مضامین میں جدید ترین تدریسی طریقہ کار کے مطابق تعلیم دی جا رہی ہے ۔جامعہ کے پاس 15 فنکشنل فیکلٹیز ہیں ۔ معیاری تعلیم فراہم کرنے پر بھرپور توجہ کے ساتھ، یونیورسٹی نے قومی اور عالمی شہرت حاصل کی ہے اور جامعات کی عمومی درجہ بندی میں پاکستان میں 10 ویں نمبر پر ہے اور ٹائمز ہائر ایجوکیشن کی رینکنگ کے مطابق دنیا کی پہلی ایک ہزار یونیورسٹیوں میں شامل ہے۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور تدریس و تحقیق کے علاوہ ہم نصابی سرگرمیوں خاص طور پر لٹریری فیسٹیول اور کھیلوں کے میدان میں بھی نمایاں مقام رکھتی ہے۔
آٹو شو موجودہ اور کلاسک آٹوموبائلز کی ایک نمائش
حال ہی میں فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسز اور ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلیشنز نے زی کلک بہاولپور کے اشتراک سے پہلا آٹو شو منعقد کیا۔ آٹو شو موجودہ اور کلاسک آٹوموبائلز کی ایک نمائش ہوتی ہے، جو کمپنیوں کو اپنی مصنوعات کی نمائش اور کار کے شوقین افراد کے لیے نیٹ ورک اور آٹوموٹیو انڈسٹری کے بارے میں جاننے کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کرتی ہے۔ آٹو شوز کی تاریخ 1901 کی ہے، جب پہلا بڑا آٹو شو شکاگو ریاست ہائے متحدہ امریکہ میں منعقد ہوا تھا۔ اس کے بعد سے، آٹو شوز آٹو موٹیو انڈسٹری کا ایک اہم ایونٹ بن گئے ہیں۔ دنیا بھر میں ڈیٹرائٹ، فرینکفرٹ، جنیوا، پیرس اور ٹوکیو میں آٹو شو منعقد ہوتے ہیں۔ یہ شوز مینوفیکچررز کے لیے اپنے جدید ترین ماڈلز، کانسیپٹ کاروں اور تکنیکی اختراعات کی نمائش کے لیے ایک پلیٹ فارم رہے ہیں۔ پاکستان میں، پہلا آٹو شو 1996 میں کراچی میں منعقد ہوا، اور اس کے بعد سے، لاہور اور اسلام آباد جیسے بڑے شہروں میں کئی آٹو شوز منعقد کیے گئے، جن میں مقامی اور بین الاقوامی صنعت کاروں نے شرکت کی۔ پاکستان آٹو موٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (PAMA) کے زیر اہتمام پاکستان آٹو شو ملک کے سب سے نمایاں آٹو شوز میں سے ایک ہے، جو ہزاروں کی تعداد میں شائقین کو اپنی جانب متوجہ کرتا ہے اور جدید ترین گاڑیوں اور آٹو موٹیو ٹیکنالوجی کی نمائش ہوتی ہے۔ پاکستانی آٹو موٹیو انڈسٹری کو درپیش چیلنجز کے باوجود آٹو شوز اس صنعت کو فروغ دینے اور مینوفیکچررز کو صارفین سے منسلک ہونے اور اپنی مصنوعات کی نمائش کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کا آٹو شو اپنی نوعیت کا پہلا ایونٹ تھا۔
زی کلک کے زین چغتائی اس قبل نور محل بہاولپور اور ڈی آیچ اے بہاولپور میں انتہائی کامیاب آٹو شو منعقد کرا چکے ہیں۔ انہوں نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ ڈاکٹر شہزاد احمد خالد سے رابطہ کیا اور بہاولپور و جامعہ کے بہترین امیج کے لیے آٹو شو جیسی بڑی سرگرمی منعقد کرنے کی پیشکش کی۔ یہ معاملہ فوری طور پر یونیورسٹی مینجمنٹ کے سامنے رکھا گیا اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر نے ڈین فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسز کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی تشکیل دی۔ دیگر ممبران میں ڈاکٹر عدنان بخاری، ڈاکٹر محمد لطیف ، عبدالودود ، عاصم عصیم، ڈاکٹر شنیہرہ محمود، ابو ہریرہ، ڈاکٹر سعود حسن، شھیر رضوی، عدنان مجید رحمانی، اطہر محمود لاشاری ، فاطمہ مظاہر، محمد اسد نعیم ، حافظ مرجان حیدر اور محمد اویس شامل تھے۔ اسکے علاوہ حافظ بلال محمود، محمد جمشید، ریحان بشیر، خضر جاوید اور محمد قاسم بھی فعال کردار ادا کرتےرہے۔ زی کلک کی جانب سے زین چغتائی کے علاوہ شہزاد باجوہ اور حسن گورائیہ نے اہم کردار ادا کیا۔ آٹو شو میں مجموعی طور پر 200 سے زائد کاروں، جیپوں اور موٹر بائیکس شریک ہوئے۔ دس مئی کی صبح سے ہی سخت گرمی کے باوجود ہزاروں کی تعداد میں طلباءوطالبات اور بہاولپور و ملتان و نواحی علاقوں سے نوجوان جوق در جوق بغداد الجدید کیمپس آنا شروع ہوگئے۔
بغداد الجدید کیمپس میں گاڑیوں کی ایک جھلک
دن بھر انسٹیٹیوٹ آف بزنس اینڈ مینجمنٹ سائنسز میں فراٹے بھرتی گاڑیوں نے ایک سماں باندھ دیا۔ آٹو شو کے مہمان خصوصی ڈین فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر جواد اقبال تھے انہوں نے آٹو شو کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ ایونٹ اب یونیورسٹی کا سالانہ فیچر بن جاے گا اور نوجوانوں کو اپنی جانب راغب کرنے کے علاوہ آٹو انڈسٹری کے علاقے میں فروغ کے لیے اہم قرار ادا کرے گا۔
ڈاکٹر شہزاد احمد خالد ڈائریکٹر تعلقات عامہ نے اس ایونٹ کے انعقاد میں خصوصی رہنمائی اور سرپرستی پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر، ڈین فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر جواد اقبال، شعبہ اسٹیٹ کیئر اور سیکورٹی کا شکریہ ادا کیا۔ زین چغتائی سربراہ زی کلکس نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی جانب سے اعتماد کرنے اور آٹو شو منعقد کرنے پر اظہار تشکر کیا۔ اس موقع پر آٹو شو کامیاب بنانے میں نوجوان پروٹوکول آفیسر محمد اسد نعیم کی انتھک محنت کو بھی سراہا گیا۔ میزبان اطہر محمود لاشاری نے باری باری تمام شرکاء اور منتظمین کو سٹیج پر بلایا اور مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر جواد اقبال نے ان میں شیلڈز اور اسناد تقسیم کیں۔ شام گئے یہ ایونٹ اختتام پذیر ہوا اور پورے جنوبی پنجاب سے آے ہوے نوجوان ایک بہترین ایونٹ میں شرکت کے بعد اپنے علاقوں کو روانہ ہو گئے۔