خالد مقبول صدیقی کی فاروق ستار کو ایم کیو ایم میں دوبارہ شمولیت کی دعوت
کراچی (مظہر چشتی سے ) – متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی نے فاروق ستار کو دوبارہ پارٹی میں شمولیت کی دعوت دیدی۔
ایم کیو ایم کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی نے رات گئے فاروق ستار سے ان کی رہائشگاہ پی آئی بی کالونی میں ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق خالد مقبول صدیقی نے فاروق ستار کو دوبارہ ایم کیو ایم میں آنے کی دعوت دی۔ ملاقات میں کراچی کی اہم کاروباری شخصیت بھی موجود تھی۔
فاروق ستار اور خالد مقبول صدیقی کے درمیان علیحدگی میں بھی ملاقات ہوئی۔ خالد مقبول صدیقی نے فاروق ستار کو پتنگ کے نشان پر ضمنی الیکشن میں حصہ لینے پر زور دیا، جس پر انہوں نے مشروط آمادگی ظاہر کردی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فاروق ستار اپنے حامیوں سے بھی مشاورت کریں گے۔ دونوں رہنماؤں نے مزید ملاقاتوں اور ایک دوسرے سے رابطے رکھنے پر اتفاق بھی کیا۔
واضح رہے کہ فاروق ستار نے این اے دو سو پینتالیس ضمنی الیکشن کے لئے آزاد حیثیت میں کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہوئے ہیں۔