مریم نواز نے کسان کارڈ جاری کرنے کا اعلان کردیا
یوتھ ویژن : شہزاد حُسین بھٹی سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں گندم سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
لاہور(یوتھ ویژن نیوز تازہ ترین۔ 15 مارچ2024ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرصدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں گندم سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں کسان کارڈ کے اجراء کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت کسان برادری کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی۔ مریم نے گندم کے کاشتکاروں کی مدد کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کا حکم دیتے ہوئے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کے منشور کا خاکہ کسانوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے کہا، "ہم عام آدمی کو درپیش مسائل سے بھی بخوبی واقف ہیں اور ہم انہیں سبسڈی پر آٹا فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔”
یوتھ ویژن نیوز کے مطابق بتایا گیا کہ حکومت کو گندم پر سبسڈی دینے کے لیے 630 ارب روپے کا گردشی قرضہ برداشت کرنا پڑا۔
سرکلر ڈیٹ پر حکومت کو سالانہ 80 ارب روپے مارک اپ ادا کرنے تھے۔ پنجاب حکومت نے گزشتہ آٹھ ماہ میں 469 ارب روپے کا قرضہ ادا کیا۔
اجلاس کے دوران سماجی تحفظ اور ٹارگٹڈ سبسڈی کے حوالے سے تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ کسانوں کو کھاد اور کیڑے مار ادویات کی بلاتعطل فراہمی کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس میں صوبائی وزراء بلال یاسین، عظمیٰ بخاری، عاشق کرمانی، سابق سینیٹر پرویز رشید، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی، ایس ایم بی آر، سیکرٹریز خوراک، زراعت، خزانہ، چیئرمین پی آئی ٹی بی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔