بلاول کا اقتدار میں آکر 17وزارتیں بند کرنے کا اعلان

bilawal

یوتھ ویژن : ثاقب ابراہیم غوری سے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اقتدار میں آکر17 وزارتیں اور اشرافیہ کو دی جانے والی سبسڈی بند کر کے ہونیوالی بچت کو عوام پر خرچ کریں گے۔ 

لاہور کے ٹاؤن شپ کرکٹ گراؤنڈ میں پارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ لاہور آنے پر ہمارا مذاق اڑانے والوں کو بتائیں کہ یہ شہر پیپلز پارٹی کا ہے۔

ہمارا مذاق اڑاتے ہیں، ہمارے نمبروں پر سوال اٹھاتے ہیں اور پوچھتے ہیں کہ ہم لاہور کیوں آئے ہیں۔ انہیں بتائیں کہ لاہور میرا بھی شہر ہے۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ہماری تعداد کتنی ہی کم ہے، ہم مکمل طور پر مقابلہ کریں گے۔

انہو ں نے کہا کہ میں لاہور میں سب کو یہ پیغام دینے کے لیے آیا ہوں کہ حالات مشکل ہیں۔ افراط زر بڑھ رہا ہے، معاشی بحران ہے، اور سیاسی اور جمہوری بحران بھی ہیں لیکن لوگوں کو مایوس نہیں ہونا چاہیے۔

جو لوگ نفرت کی سیاست میں لگے ہوئے ہیں وہ ملک کو تقسیم کر رہے ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی نفرت اور تقسیم کی سیاست کو دفن کر دے گی۔ ہم ملک کو سیاسی بحران سے نکالیں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو کے دعویدار اپنے نظریے کو چھوڑ کر سیاست کر رہے ہیں، ن لیگ کے کارکنوں سے مخاطب ہوں جنہوں نے مشرف کی آمریت کا مقابلہ کیا۔

اگر آپ ان کی سیاست سے متاثر ہوئے ہیں تو میرے ساتھ آئیں،  آپ کے ووٹ کی عزت کروں گا ، آپ کا خیال رکھوں گا۔

بانی تحریک انصاف عمران خان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی کو کہتے رہے کہ سیاست کریں، گالم گلوچ سیاست نہیں ہوتی۔ سیاسی مخالفین کو جیلوں میں ڈالنا سیاست نہیں ، ن لیگ پی ٹی آئی کے کارکنان سے انتقام لے رہی ہے۔

میں ن لیگ کے انتقام سے گزرا ہوں،نہیں چاہتا کسی بھی کارکن کے ساتھ ایسا ہو۔ اقتدار میں آکر انتقامی سیاست کو دفن کر دوں گا۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ قائد عوام نے ووٹ کی طاقت آپ کو دی تھی۔ہم ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کے نامکمل مشن کومل کر مکمل کریں گے

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ میں پاکستان کے دل (لاہور) سے الیکشن لڑ رہا ہوں۔ اس وقت پاکستان کا دل ٹوٹ چکا ہے اور ہم اسے ٹھیک کریں گے۔ جو لوگ سوال کرتے ہیں کہ ہم لاہور کیوں آئے ہیں، انہیں بتائیں کہ لاہور پیپلز پارٹی کا بھی ہے۔

انکا مزید کہنا تھا کبھی شہباز شریف اور کبھی وسیم اکرم پلس (عثمان بزدار) پنجاب پر مسلط کیے جاتے ہیں۔ ہم پاکستان کو ان نااہل لوگوں کے لیے نہیں چھوڑ سکتے۔ پیپلز پارٹی وہ جماعت ہے جو اپنے وعدوں کو پورا کرتی ہے اور اسے ثابت کرتی ہے۔میں نے عوام کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے انتخابات کے لیے منشور تیار کیا ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes