ڈھاکہ ٹیسٹ، پاکستان نے پہلی اننگز 300 رنز 4 کھلاڑی آئوٹ پر ڈکلیئر کر دی، محمد رضوان، فواد عالم کی نصف سنچریاں، بنگلہ دیش کی 76 رنز پر 7 وکٹیں گر گئیں، ساجد خان کی 6 وکٹیں

pakistan

ڈھاکہ۔ (علی رضا غوری سے):پاکستان نے ڈھاکہ ٹیسٹ کے چوتھے روز اپنی پہلی اننگز 300 رنز 4 کھلاڑی آئوٹ پر ڈکلیئر کر دی۔ بابر اعظم 76 اور اظہر علی 56 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ محمد رضوان 53 اور فواد عالم 50 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

بنگلہ دیشی ٹیم ساجد خان کی تباہ کن بائولنگ کے باعث اپنی پہلی اننگز میں شدید مشکلات کا شکار ہو گئی اور 76 کے مجموعی سکور پر اس کی 7 وکٹیں گر گئیں، ساجد خان نے 35 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ چوتھے روز کا کھیل بھی خراب روشنی کے باعث مقررہ وقت سے پہلے ختم کر دیا گیا۔

شکیب الحسن 23 اور تیج الاسلام صفر پر ناٹ آئوٹ ہیں۔ میزبان ٹیم کو فالو آن کی خفت سے بچنے کے لئے مزید 25 رنز درکار ہیں۔ منگل کو بارش سے متاثرہ ڈھاکہ ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 188 رنز 2 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو کپتان بابر اعظم 71 اور اظہر علی 52 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔

اظہر علی تیسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 56 رنز بنانے کے بعد عبادت حسین کی گیند پر لٹن داس کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے۔ بابر اعظم اور اظہر کے درمیان تیسری وکٹ میں 123 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ بابر اعظم بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 76 رنز بنا کر خالد احمد کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

فواد عالم اور محمد رضوان نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور چوتھی وکٹ میں 103 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا سکور 4 وکٹوں کے نقصان پر 300 تک پہنچا دیا۔ اس موقع پر پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے اننگز ڈکلیئر کر دی۔ محمد رضوان نے 53 اور فواد عالم نے 50 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

بنگلہ دیش کی طرف سے تیج الاسلام نے دو جبکہ عبادت حسین اور خالد احمد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ بنگلہ دیشی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں شدید مشکلات کا شکار ہو گئی، سپنر ساجد خان کی تباہ کن بائولنگ کے باعث میزبان ٹیم کی 76 رنز پر 7 وکٹیں گر گئیں۔ نجم الحسن شانتو 30 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے، شادمان اسلام 3، محمود الحسن صفر، کپتان مومن الحق ایک، مشفق الرحیم 5 ، لٹن داس 6 اور مہدی حسن میراز صفر پر آئوٹ ہوئے۔

شکیب الحسن 23 اور تیج الاسلام صفر پر ناٹ آئوٹ ہیں۔ ساجد خان نے شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کیا اور 35 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں۔ بنگلہ دیش کو فالو آن سے بچنے کیلئے 25 رنز کی ضرورت ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں