کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو اور لاہور قلندرز کے اشتراک سے ڈائمنڈ گراؤنڈ میں ٹرائلزشروع ہو گئے
اسلام آباد۔ (علی رضا غوری سے):کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو اور لاہور قلندرز کے اشتراک سے ڈائمنڈ گراؤنڈ میں ٹرائلزشروع ہو گئے ہیں۔ ٹرائلز میں بٹگرام کے باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید اور راشد لطیف کی زیرنگرانی ٹرائلز لیے گئے۔ معاون خصوصی برائے امور نواجوان عثمان ڈار نےبطور مہمان خصوصی ٹرائلز میں شرکت کی۔
اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا کہ کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو ایک تاریخی منصوبہ لانچ کیاگیا ہے۔ نوجوانوں کا شکریہ جنہوں نے کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو میں حصہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ بٹگرام میں کرکٹ کی سہولیات نہیں تھیں لیکن ڈائمنڈ گراؤنڈ میں آج ٹرائلز منعقد کیے گئے۔
عاطف رانا اور لاہور قلندرز کا ٹیلنٹ ہنٹ کرنے میں وسیع تجربہ ہے۔ لاہور قلندرز کے تجربات سے کرکٹ کے باصلاحیت کھلاڑی سامنے لائیں گے۔پی ایس ایل فرنچائز نے کرکٹ میں اپنا حصہ ڈالا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز کو شاہین شاہ آفریدی اور حارث روف نہ ملتا تو پاکستان دو باصلاحیت فاسٹ باؤلرز سے محروم ہوجاتا۔مقصد لاہور قلندرز کے ساتھ مل کر نوجوان باصلاحیت کرکٹرز کو پاکستان کے لیے تیار کرنا ہے،نوجوانوں نے وزیراعظم عمران خان سے سب سے پہلے روزگار کی بات کی،نواجوانوں نے ہنر سکھانے اور کھیلوں کے حوالے سے بھی وزیراعظم عمران خان سے ڈیمانڈ کی۔
معاون خصوصی نے کہا کہ صوبوں اور فیڈریشن کے ساتھ مل کر کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو کو اگے لے کر جانا چاہتے ہیں۔ پاکستان میں سپورٹس کلچر کو دوبارہ واپس لانا ہے،پندرہ سے انتیس سال تک کے نوجوان پاکستان میں پانچ کروڑ ہیں،ایک کروڑ باصلاحیت کھلاڑیوں کو کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو کے ذریعے سامنے لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ باصلاحیت کھلاڑیوں کی لسٹ بنا کر میں خود وزیراعظم عمران خان کو دوں گا، کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو کے اختتام پر وزیراعظم عمران خان کے ساتھ کھلاڑیوں کی میڈلز کی تقریب رکھی جائے گی،اگلے اولمپکس کو ٹارگیٹ کرنا ہے تو گیارہ سال کے بچے کے ساتھ ڈیولپمنٹ کا کام کرنا ہوگا۔
عثمان ڈار نے کہا کہ کوشش ہے کہ مختلف کھیلوں کے لیجنڈز کی خدمات کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو میں لیں،مجھے کرکٹ کا بےپناہ شوق تھا۔ کاش میں بھی کرکٹ کھیلتا۔ اس موقع پر لاہور قلندرز عاطف رانا نے کہا کہ جہاں کھیلوں کو فروغ دینے کی بات ہو تو لاہور قلندرز پیچھے نہیں رہ سکتا۔ لاہور قلندرز اور عثمان ڈار کا کرکٹ میں ٹیلنٹ کو سامنے لانے کا مقصد یکساں ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پسماندہ علاقوں کے باصلاحیت کھلاڑیوں سے ٹیلنٹ ہنٹ شروع کرنے کا پلان کیا۔ بٹگرام سے تعلق رکھنے والے ایک فاسٹ بولر کو دریافت کرلیاگیا جو 90 مائلز کی رفتار سے باؤلنگ کروا رہا ہے۔ کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو کے زریعے کرکٹ کے ٹیلنٹ کو اگلے دو تین سالوں میں کھکاڑی تیار کریں گے۔ امید ہے اگلے سال کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو سے پاکستان کو ایک باصلاحیت کرکٹر مہیا کریں گے۔
اس موقع پر سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید نے کہا کہ عاطف رانا اور میں نے لاہور قلندر کے لئے اکیلے پانچ لاکھ بچوں کے ٹرائلز کیے۔ معاشرے میں کھیلوں کو ختم کردیا جائے تو معاشرہ مر جاتا ہے، ہر بچے کو حق پہنچتا ہے کہ وہ پانچ دن پڑھے اور دو دن کھیلے۔
اس موقع پر سابق ٹیسٹ کرکٹر راشد لطیف نے کہا کہ اولمپکس میں پاکستان کو کوئی میڈل نہیں مل رہا، کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بہترین اقدام ہے، کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو سے نہ صرف کرکٹ بلکہ دیگر کھیلوں میں بھی باصلاحیت کھلاڑی سامنے لائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو سپورٹ کرنا چاہیے۔ اگر کھلاڑیوں کی ڈیویلپمنٹ کرنی ہے تو لاہور قلندرز کی طرح کام کرنا پڑےگا۔