نئی سپورٹس پالیسی سے نوجوانوںکا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے گا، سپورٹس باڈیز میں مافیاز کا خاتمہ کردیا، خیبر پختونخوا میں 300 ، پنجاب میں260 گرائونڈز بنا چکے ہیں، طلبہ کو ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ سکالر شپ دیئے،وزیراعظم عمران خان
اسلام آباد۔ (یاسر ملک سے ):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے نئی سپورٹس پالیسی متعارف کرائی ہے جس سے نوجوانوں کا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے گا، سپورٹس باڈیز میں مافیاز کا خاتمہ کردیا، خیبر پختونخوا میں 300 اور پنجاب میں260 گرائونڈز بنا چکے ہیں، ہر یونین کونسل میں کھیلوں کے میدان ہونے چاہئیں،طلبا کو ملک کی تاریخ میں سب سے زیادہ سکالر شپ دیئے، اب تک 63 لاکھ مستحق نوجوانوں کو 47 ارب روپے کے وظائف دے چکے ہیں ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پیر کو جناح سٹیڈیم اسلام آباد میں ملک کی تاریخ کے سب سے بڑے کھیلوں کے مقابلے ” کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو” کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، وزیرتعلیم تو پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود، وفاقی وزیر حماد اظہر ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیور کے انعقاد پر عثمان ڈار کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لئے کھیل انتہائی ضروری ہیں۔ میں نے 21 سال بین الاقوامی سپورٹس گرائونڈ میں گزارے۔ میں نوجوانوں کو یہ پیغام دیناچاہتا ہوں کہ کھیلوں سے وہ مقابلہ کرنا سیکھتے ہیں۔ کھیلوں کے ذریعے انہیں جیتنا بھی آتا ہے اور ہار کو سمجھنا بھی۔ کھیل ہمیں یہ سیکھاتے ہیں کہ ہم نے ہار سے دلبرداشتہ نہیں ہونا اور گرنے کے کھڑے ہو کر مقابلہ کرنا ہے۔
سپورٹس مین مشکل وقت سےگھبراتا نہیں ہے اور دلبرداشتہ نہیں ہوتا کیونکہ انسان ہارتا اس وقت ہے جب وہ ہارنے کے بعد اپنی غلطیوں کا جائزہ نہیں لیتا اور پہلے سے زیادہ محنت نہیں کرتا۔ اس لئے میں نوجوانوں کو یہ نصیحت کرتا ہوں کہ وہ سپورٹس کے ذریعے مقابلہ کرنے کی صلاحیت حاصل کریں۔ کھیل ہماری صحت کے لئے بھی ضروری ہیں جو کہ اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے۔ انسان کو اس نعمت کی قدر کرنی چاہیے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں 70 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ ہماری حکومت میں نوجوانوںکو کھیلوں کے بھر پور مواقع فراہم کرنے کے لئے گرائونڈز تیار کئے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں اب تک300 اور پنجاب میں 260 گرائونڈز بنا چکے ہیں۔ ہر یونین کونسل میں کھیلوں کے گرائونڈزہونے چاہئیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ نیوزی لینڈ جس کی آبادی صرف 50 لاکھ ہے میں 22 کروڑ کی آبادی والے پاکستان سے بھی زیادہ گرائونڈ ہیں۔ ہماری حکومت ملک بھر میں کھیلوں کے میدانوں کا جال بچھانے کے لئے کوشاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نوجوانوں کو تعلیم کے بہتر مواقع کی فراہمی کے لئے بھی اقدامات کر رہی ہے۔ پنجاب ، خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومتوں اور وفاقی حکومت نے 63 لاکھ نوجوانوں کو 47 ارب روپے کے وظائف دیئے ہیں۔ پاکستان کی تاریخ میں کبھی طلبا کو اتنی بڑی تعداد میں سکالرشپ نہیں ملے۔ ہماری کوشش ہے کہ پاکستان بین الاقوامی سطح پر سپورٹس میں شرکت کرے۔ اس کے لئے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کیا ہے اور زیادہ سے زیادہ کھیلوں کے میدان بنائے جا رہے ہیں۔ سنٹر آف ایکسی لینس بنا کر ٹیلنٹ کو پروموٹ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سپورٹس باڈیز کی اصلاح کررہی ہے ۔ نئی سپورٹس پالیسی متعارف کرائی گئی ہے اور پرانا سسٹم جس میں سپورٹس باڈیز میں مافیاز بیٹھے تھے کا خاتمہ کردیا ہے۔
وزیراعظم نے اس توقع کا اظہار کیا کہ کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو سے پاکستان کے لئے نوجوانوں کا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے گا۔ قبل ازیں وزیراعظم نے مشعل جلا کر سپورٹس ڈرائیو کا آغاز کیا۔ کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو کے تحت ٹیلنٹ ہنٹ میں 6 ہزار اتھلیٹس حصہ لے رہے ہیں۔ پروگرام کے تحت 4 ارب روپے کے 4 نئے منصوبوں کا آغاز کیاگیا ہے ۔ سپورٹس ڈرائیو کے تحت 15 سے 25 سال کے نوجوان جن میں 2700 لڑکیاں بھی شامل ہیں، مختلف کھیلوں میں حصہ لیں گے جس سے نوجوانوں کا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے گا