اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں شعبہ قرانک اسٹڈیز اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے زیر اہتمام پیغام قرآن سیمینار کا انعقاد
بہاولپور (قاری محمد عاشق سے ) شعبہ قرانک اسٹڈیز اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے زیر اہتمام پیغام قرآن سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ صدارت پروفیسر ڈاکٹر شیخ شفیق الرحمن ڈین فیکلٹی آف اسلامک لرننگ نے کی۔ سیمینار کے کلیدی مقررپرو فیسر ڈاکٹر محمد حماد لکھوی پنجاب یونیورسٹی لاہور نے اہم موضوع قرآن کریم اور عصر حاضر کا نوجوان پر سیر حاصل گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان کسی بھی قوم کا اہم سرمایہ اور مستقبل ہوتے ہیں سابقہ امم اور انبیاءکی زندگیوں کے مطالعہ سے ہمیں معلوم ہوتا ہے ان پر ایمان لانے والے اکثر لوگ نوجوان ہی تھے ۔ قرآن کریم میں حضرت موسیٰ پر ایمان لانے والے نوجوانوں کا تذکرہ ہے اور ان کی یہ خوبی بھی بیان کی کہ نوجوان بے خوف، نڈراور لمبی امیدیں باندھنے والے نہیں ہوتے ۔ اس لیے عصر حاضر کے نوجوان کو بھی قرآن کریم سے رہنمائی لیتے ہوئے اپنی اصلاح کرنی چاہیے۔ اس سیمینار کے مہمان اعزاز پروفیسر ڈاکٹر الطاف حسین لنگڑیال بہاءالدین ذکریا یونیورسٹی ملتان سے تھے ۔انہوں نے کہا کہ محض علم کا حصول یا قرآن کریم کی تلاوت ہماری کامیابی کے لیے کافی نہیں ۔ جب تک ہمارا آج کا نوجوان قرآن پر عمل پیرا نہیں ہوتا یا صاحب کتاب نہیں ہوتا ہم اپنی زندگیوں کو نہیں سنوار سکتے ۔ صدر مجلس پروفیسر ڈاکٹر شیخ شفیق الرحمن نے ڈیپارٹمنٹ آف قرانک اسٹڈیز کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بہت کم وقت نے اس شعبہ نے اپنی پہچان بنا لی ہے ۔ پروگرام میں ڈاکٹر ضیا الرحمن چیئرمین شعبہ نے تمام مہمانانِ گرامی کا شکریہ ادا کیا اور ڈیپارٹمنٹ آف قرانک اسٹڈیز کا تفصیلی تعارف بھی پیش کیا۔