سردیوں میں بار بی کیو پر پابندی لگانے کی تجویز دے دی گئی
لاہور(مبشر بلوچ سے ) سردیوں میں بار بی کیو پر پابندی لگانے کی تجویز دے دی گئی۔ لاہور ہائیکورٹ نے سموگ کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات نہ کرنے کیخلاف دائر درخواستوں پر سماعت کی۔ جسٹس شاہد کریم نے اظہر صدیق ، ہارون فاروق سمیت دیگر کی ایک ہی نوعیت کی دائر درخواستوں پر سماعت کی۔ اس دوران ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے نے عدالت سے بار بی کیو پر پابندی عائد کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ بار بی کیو کی وجہ سے دھواں بڑھتا ہے اور پھر اسی دھویں کی وجہ سے اسموگ میں اضافہ ہوتا ہے۔
عدالت نے کہا کہ ہم نے سموگ کے مسلسل خاتمہ تک کام کرنا ہے۔ سماعت کے دوران سرکاری وکیل نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں غیر نصابی سرگرمیوں پر پابندی عائد کی جائے، جس پر عدالت نے کہا کہ سموگ کی شدت میں اضافہ پر تشویش ہے، اگر پنجاب حکومت نے فیصلہ نہ کیا تو عدالت فیصلہ کرے گی۔
عدالت نے بھٹہ مالکان کو ایک میں ہفتہ جرمانہ جمع کرنے کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ جن بھٹوں کو ماحولیاتی جوڈیشل کمیشن نے جرمانے کیے اگر ادا نہ کریں توسیل کردیں، درخواست گزار وکیل نے عدالت کو بتایا کہ گلبرگ کمرشلائز عمارتوں کی تیزی سے تعمیرات جاری ہیں، عدالت نے کہا کہ اس پر ایل ڈی اے کو ازسرنوء جائزہ لینا چاہیے، بعد ازاں عدالت نے مزید سماعت آج تک ملتوی کردی۔
لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کرنے والے درخواست گزار وکلاء نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ عدالتی حکم کے باوجود سموگ کے تدارک کے لیے سنجیدہ اقدامات نہیں کیے گئے، جس کی وجہ سے سموگ بڑھ رہی ہے، جو انسانی صحت کے لیے انتہائی خطرناک ہے، عدالت سموگ کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے کا حکم دے