بھاولپورمیں سیلاب سے47 ہزارایکڑ فصل متاثر ہوئی، ڈپٹی کمشنربھاولپورظہہیرانورجپہ
ڈپٹی کمشنر بہاول پور ظہیر انور جپہ نے کہا ہے کہ ضلع بہاول پور میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے ایک لاکھ28 ہزار سے زائد افراد اور پچاس ہزار سے زائد مال مویشی کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔ بہاول پور ضلع کے تین موضع سیلاب سے مکمل متاثر ہوئے ہیں جبکہ55موضع جات کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔
دریائی پٹی میں 47ہزار ایکڑ فصل متاثر ہوئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے بتایا کہ ضلع میں 27 مقامات پر فلڈ ریلیف و میڈیکل کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔ ان کیمپس میں 612افراد نے رہائش اختیار کی ہے اورفلڈ ریلیف کیمپس میں میڈیکل ٹیمیں،ادویات، جانوروں کے لیے ونڈہ، ویکسی نیشن، سانپ سے کاٹے کی ویکسین اور دیگر ضروری ادویات فراہم کردی گئی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر بہاول پور ظہیر انور جپہ نے کہا کہ تمام محکمہ جات مربوط حکمت عملی سے سیلاب کے علاقہ میں امدادی کارروائیوں میں شریک ہیں اور اس سلسلہ میں افواہوں سے گریز کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بہتر حکمت عملی کے تحت حاصلپور، خیر پور ٹامیوالی، بہاولپور صدر،بہاولپور سٹی اور احمد پور شرقیہ کی شہری اور دیہی بڑی آبادی کو نقصان نہیں ہوا ہے۔ڈپٹی کمشنر آفس میں کنٹرول روم فعال کیا گیا ہے جہاں تمام محکموں کے نمائندگان ہمہ وقت کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نبرد آزما ہونے کے لیے موجود ہوتے ہیں۔ کنٹرول روم کا فون نمبر062-9250508 ہے۔
ڈپٹی کمشنر بہاول پور نے کہا کہ سیلاب کی آمد سے قبل ہی ریسکیو ٹیموں نے دریائی علاقہ میں کیمپس قائم کردئیے تھے اور دریائی پٹی میں بڑی آ بادی کو پہلے ہی محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقہ میں متاثرین کو کھانا بھی فراہم کیا جارہا ہے اور اس سلسلہ میں ان علاقوں میں سیلاب زدہ افراد کی رجسٹریشن مکمل کی جا چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ فلڈ ریلیف کیمپس میں لائیو سٹاک کیمپ فعال ہیں جہاں وٹرنری ڈاکٹر اور سٹاف موجود ہیں