ڈار بے بس، ڈالرایک ہی دن میں 9 روپے مہنگا ہوگیا
یوتھ ویژن نیوز ( عاقب غوری سے )ڈالر ایک ہی دن میں 9 روپے 11 پیسے مہنگا کیسے ہوگیا؟ امریکی کرنسی کی اتنی لمبی چھلانگ کی اندرونی کہانی منظر عام پر آگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے 9ویں جائزہ پر مذاکرات سے قبل پاکستان نے امریکا سے مدد مانگ لی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستان نے امریکہ سے مالی معاملات میں کردار ادا کرنے کی درخواست کی ہے۔
ذرائع کے مطابق ایسا پہلی مرتبہ ہورہا ہے کہ پاکستان کی آئی ایم ایف سے بات چیت میں امریکی انٹری ہوئی ہے۔ جہاں پاکستان نے امریکہ کے سامنے آئی ایم ایف کی شرائط پر عملدرآمد کی حامی بھرلی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سینٹر اسحاق ڈار نے رابرٹ کیپروتھ کو کئی یقین دہانیاں کروادیں۔ ایوا گھرمئی ،لاریٹا بولڈن بھی امریکی حکام کے ہمراہ تھیں۔ اس موقع پر وزارت خزانہ کی جانب سے امریکی حکام کو معیشت پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ حکام وزارت خزانہ نے آئی ایم ایف کے ساتھ ساتھ امریکہ کو بھی تمام یقین دہانیاں کروادیں۔ وزارت خزانہ حکام کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکہ کا دوست ہے اور ان معاشی حالت میں پاکستان کی مدد کی جائے۔وزارت خزانہ نے بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان توانائی ، کیپیٹل سیکٹر سمیت تمام شعبوں میں اصلاحات کررہا ہے، پاکستان نے ڈالر پر سے کیپ ہٹا دیا ہے، اب ڈالر مارکیٹ ریٹ کی بنیاد پر ایکسچینج ہورہا ہے، درآمدات پر بھی پابندیاں اٹھائی جا رہی ہیں ، ٹیکس بڑھا دئیے ہیں اور بجلی گیس کی قیمتیں بڑھا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بیروزگار نوجوانوں کیلئے خوشخبری
وزارت خزانہ نے بریفنگ میں کہا کہ پاکستان نے چینی کمرشل بینک کو 500ملین ڈالر رواں ہفتہ میں ادا کئے ہیں۔ پاکستان کی ماہانہ درآمدات 5.3ارب ڈالر جبکہ ذخائر 3.3ارب ڈالر ہیں۔ پاکستان کو 31 جنوری تک چین اور سعودی عرب سے 4ارب ڈالر ملنے کی توقع ہے۔ پاکستان میں سیلاب زدگان اور غریب افراد کی مدد کےلئے پروگرام میں چند مثبت تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان اپنی بین الااقوامی ذمہ داریاں پوری کررہا ہے۔ بیرونی قرضے وعدوں کے مطابق ادا کئے جارہے ہیں۔ پاکستان پیرس کلب بھی نہیں جارہا تاکہ قرضوں کو کنٹرول کرسکے۔ پاکستان میں افغانستان اور ایران سے اسمگلنگ معیشت کو نقصان پہنچا رہی ہے۔ پاکستان سے ڈالر اسمگل ہورہا ہے۔