17واں چولستان ڈیزرٹ ریلی میلہ 9فروری 2022ء سے شروع ہو گا۔
بہاول پور: (یاسر ملک سے )17واں چولستان ڈیزرٹ ریلی میلہ 9فروری 2022ء سے شروع ہو گا۔ اس سلسلہ میں انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا کی زیر صدارت دفتر کے کمیٹی روم میں ایک اجلاس منعقد ہوا۔اس موقع پر ڈی پی او محمد فیصل کامران، ایڈیشنل کمشنر ریونیو شاہد عمران مارتھ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر فاروق قمر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عامر نذیر کھچی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس، ہوبارہ فاؤنڈیشن سے میجر (ر) طاہر مجید، فور وہیل کلب سے محمود مجید، ٹی ڈی سی پی سے مصباح اسحاق،لائیو سٹاک، پولیس، ریسکیو 1122، محکمہ صحت، سپورٹس اور متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ چولستان ڈیزرٹ ریلی میلہ 2022ء کے انتظامات شاندار انداز میں کئے جائیں اور اس سلسلہ میں تمام متعلقہ محکمے اور افسران اپنا فعال کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ چولستان ڈیزرٹ ریلی میلہ کے انعقاد سے خطہ کی ثقافت اور ٹورازم کو فروغ حاصل ہو گا اور علاقہ کے لوگوں کو بہترین چولستان ڈیزرٹ ریلی میلہ دیکھنے کا موقع ملے گا۔ علاوہ ازیں سوشل اکنامک سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ چولستان ڈیزرٹ ریلی میلہ میں مختلف کھیلوں کے مقابلہ جات اور آرٹ اینڈ کرافٹ و کلچرل شو منعقد کئے جائیں گے۔ اجلاس میں منیجر ٹی ڈی سی پی مصباح اسحاق نے بتایا کہ 9فروری کو ٹی ڈی سی پی ریزارٹ چولستان کے مقام پر گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹیکنیکل معائنہ کیا جائے گا۔ 10فروری کودل وش اسٹیڈیم ڈیراور میں کوالیفائنگ راؤنڈ، 11فروری کو پری پیئرڈ کیٹاگری ریس کا راؤنڈ،12فروری کو سٹاک کیٹاگری ریس، 13فروری کو پری پیئرڈ کیٹاگری ریس کا فائنل راؤنڈ ہو گا اور ویمن کیٹاگری کی ریس ہو گی۔علاوہ ازیں پاورڈ پیرا گلائیدنگ ریس ہوگی۔ بعد ازاں تقریب تقسیم انعامات منعقد کی جائے گی۔