ڈپٹی کمشنر نعمان یوسف کی زیر صدارت ضلعی ترقیاتی کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد
رحیم یار خان( شمیل مرزا سے )ڈپٹی کمشنر نعمان یوسف کی زیر صدارت ضلعی ترقیاتی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع میں مختلف سیکٹرز میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 57جاری اور150نئے منصوبوں پر ہونے والی محکمانہ پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ طالب حسین رندھاوا، ایکسین بلڈنگ نعمان سلیمان، ایکسین پبلک ہیلتھ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ سمیت میپکو، سوئی نادرن گیس او ردیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نعمان یوسف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام محکموں کے افسران متعلقہ ارکان پارلیمنٹ کو بھی ان کے حلقہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت سے آگاہ رکھیں جبکہ تمام منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ نئے ترقیاتی منصوبوں پر تیز رفتار عملدرآمد کے لئے محکمے آپسی روابط کو مستحکم بنائیں اور ترقیاتی منصوبوں کے آغاز میں حائل رکاوٹوں کو فوری ختم کیا جائے تاکہ حکومت کی جانب سے عوامی فلاح وبہبود او رسہولیات فراہمی کے منصوبے بروقت مکمل کئے جا سکیں۔