خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کی قومی مہم کا بہاول پور ضلع میں افتتاح
بہاول پور( یاسر ملک سے) خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کی قومی مہم کا بہاول پور ضلع میں افتتاح۔اس سلسلے میں فرید گیٹ کے قریب محکمہ ہیلتھ، ڈبلیو ایچ او اور یونیسف کے اشتراک سے کیمپ قائم کیا گیا جہاں 9 ماہ سے15 سال تک کی عمر کے بچوں کو خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے گئے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کواٹر فاروق قمر اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شاہد عمران مارتھ نے بہاول پور میں اس قومی مہم کا افتتاح کیا۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمداقبال مکوال، نمائندہ ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر مفکر، ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیٹر ڈاکٹر خالد چنڑ، نمائندہ یونیسف ڈاکٹر ذاکر علی، ڈی ایچ او ڈاکٹر خالد ارائیں، صدر پی ایم اے بہاول پور ڈاکٹر افتخار بھٹی، ہیلتھ ایجوکیشن آفیسر ذوالقرنین جتوئی، ڈبلیو ایچ او کی ڈسٹرکٹ مانیٹر سمیرا منظور، محکمہ صحت کے افسران و پیرا میڈیکل سٹاف، والدین اور بچے اس موقع پر موجود تھے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کواٹر نے اپنے اپنے خطاب میں اظہار کرتے ہوئے کہا کہ والدین اپنے9 ماہ سے 15 سال تک کی عمر کے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگوائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے 15نومبر سے27نومبر تک شروع ہونے والی خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کی قومی مہم میں بچوں کو قریب ترین عارضی ویکسی نیشن سنٹرز، سکول یا سرکاری مراکز صحت میں مفت حفاظتی ٹیکہ جات لگا ئے جائیں گے۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد اقبال مکوال اور ڈبلیو ایچ او کے نمائندہ ڈاکٹرمفکر نے ا ظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بہاول پور ضلع میں 9 ماہ سے15 سال تک کی عمر کے 15 لاکھ59ہزار سے زائد بچوں کو اس مہم کے دوران میزل اور روبیلا سے بچاؤ کے ٹیکہ جات لگائے جائیں گے۔علاوہ ازیں اس دوران پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے بھی پلائے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ میزل اور روبیلا سے بچاؤ کی قومی مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے ضلع بھر میں 135فکسڈ پوائنٹ اور985آؤٹ ریچ ٹیمیں فیلڈ میں فعال ہیں۔