کھاد کی دستیابی کے یقینی بنانے کے لئے کمشنر بہاولپور متحرک
بہاول پور: ( یاسر ملک سے )کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن محمد ظفر اقبال کی زیر صدارت زرعی کھاد کی دستیابی بارے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ ویڈیو لنک اجلاس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اورمحکمہ زراعت کے اعلیٰ افسران سمیت دیگرمتعلقہ محکموں کے انتظامی افسران شریک ہوئے۔کمشنر بہاول پور ڈویژن نے کہا کہ کھاد کے ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں کے خلاف مہم کو مزید تیز کیا جائے اوریوریا، ڈی اے پی اور دیگر کھادوں کی کنٹرول ریٹ پر بلاتعطل دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں سہ ماہی کے دوران زرعی کھاد کے ناجائز منافع خوروں کو 25ملین روپے کے جرمانے عائد کئے گئے ہیں اور کھاد کی بلیک مارکیٹنگ میں ملوث افراد کے خلاف 283مقدمات بھی درج کئے گئے ہیں۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ گذشتہ دس روزکے دوران جاری کاروائیوں کے دوران کھاد مہنگی بیچنے والوں کے خلاف 34مقدمات کے اندراج سمیت 45لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔کمشنر بہاول پور نے ہدایت کی کہ کھاد کے ذخیرہ اندوزوں کے گوداموں پر چھاپے مارے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ملکی زراعت کو نقصان پہنچانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کاشتکار کو مقررہ نرخ پر کھادوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔