یکساں نظام تعلیم ہی پاکستان کی ترقی کا واحد راستہ ہے، قاسم خان سوری
اسلام آباد (واصب ابراہیم غوری سے ) ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ پورے ملک میں یکساں نظام تعلیم سے پسماندہ علاقوں کے نوجوانوں کو آگے آنے کا موقع ملے گا، تعلیم کو عام کرنے کے لیے سب کو ملکر کام کرنا ہو گا، آنے والی نسلوں کا کامیاب مستقبل معیاری تعلیم و تربیت میں مضمر ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپر نووا سکول کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہاکہ تمام والدین اپنے بچوں کی بہتر سے بہتر تعلیم و تربیت کی خواہش رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ والدین کی کوشش ہوتی ہے کہ ان کے بچے اچھے سکول میں تعلیم حاصل کریں،سپر نووا سکول میں بچوں کو لیڈر بننے کا جو اعزاز بخشا ہے یہ قابل ستائش قدم ہے۔انہوں نے کہاکہ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی بچوں کی بہترین تعلیم و تربیت کا حکم دیا ہے،ہمارے ملک کی آبادی کا زیادہ تر حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے۔
انہوں نے کہاکہ مستقبل میں ملک کی باگ ڈور انہی نوجوانوں نے سنبھالنی ہے،ہمارے نوجوان ہمارے ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں ہیں ان کی بہترین تعلیم و تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نوجوانوں کے کامیاب مستقبل کے لیے پر عزم ہیں ،دنیا کے تمام ممالک میں پاکستانی طلباء نمایاں کامیابی حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ والدین اور اساتذہ بچوں کی اچھی تعلیم و تربیت کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لائیں،ہمارے ملک کے اڑھائی کروڑ بچے اسکولوں سے باہر ہیں انہیں بھی اسکول میں لانے کے لیے ہم نے ملکر کام کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجود حکومت نے سکول سے باہر بچیوں کو سکول لانے پر ان کے والدین کے لیے 2000 ہزار جبکہ بچوں کو سکول لانے پر 1500 سو روپے وظیفہ مقرر کیا ہے، حکومت کا یکساں نظام تعلیم متعارف کرنے کا مقصد تعلیم سب کے لیے عام کرنا ہے۔
انہوں نے کہاکہ پورے ملک میں یکساں نظام تعلیم سے پسماندہ علاقوں کے نوجوانوں کو آگے آنے کا موقع ملے گا،تعلیم کو عام کرنے کے لیے سب کو ملکر کام کرنا ہو گا۔ ڈپٹی سپیکرنے کہاکہ پاکستان واحد ملک ہے جس کی بنیاد اسلامی فلاحی ریاست کی بنیاد پر رکھی گئی ہے، ہمیں اپنے عظیم ملک پاکستان کو جو لازوال قربانیوں کے بعد حاصل ہوا دنیا کا بہترین ملک بنانا ہے۔
انہوں نے کہاکہ آنے والی نسلوں کا کامیاب مستقبل معیاری تعلیم و تربیت میں مضمر ہے، سپر نووا سکول کی انتظامیہ کو بہترین تقریب کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔