ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا کا بہاول پور کے علاقہ کچولیاں کا دورہ
بہاول پور: ( یاسر ملک سے )ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے بہاول پور کے علاقہ کچولیاں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے حکومت پنجاب کی جانب سے کرونا ویکسی نیشن کی خصوصی مہم آپ کی دہلیز تک کے سلسلہ میں ویکسین کی دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر صدر زاہد حسین، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد اقبال مکوال، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ملک محبوب الہٰی کھراور ڈی ایچ او ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کرونا سے محفوظ رہنے کے لیے12 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کو کرونا ویکسین کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کی ٹیموں سے بھرپور تعاون کیا جائے اور حکومت کے اس اہم اقدام سے استفادہ کریں تاکہ وہ خود اور ان کے پیارے کرونا سے محفوظ رہ سکیں۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ ہیلتھ کی ٹیم کے ممبران سے ملاقات کی اور ہدایت کی کہ وہ جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہو کر پیشہ وارانہ ذمہ داریاں ادا کریں۔ بعدازاں ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا رورل ہیلتھ مرکز لال سوہانرا گئے جہاں انھوں نے کرونا ویکسین کی خصوصی مہم آپ کی دہلیز تک کے امور کا معائنہ کیا۔