پاکستان میں اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں، نعمان یوسیف
رحیم یار خان(عمران منیر قذافی سے )ڈپٹی کمشنر نعمان یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں، ہمارے خوشی وغم یکساں ہیں کسی بھی بیرونی طاقت یا شرپسند عناصر کو ہمارے آپسی پیار ومحبت اور اتفاق کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گنیش مندر بھونگ میں ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام مقامی این جی او ریڈ پاکستان کے تعاون سے ہندو برادری میں دیوالی کی آمد کے موقع پر راشن بیگ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پراقلیتی ایم پی اے یدھسٹر چوہان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)ریاست علی، ممبر ضلعی امن کمیٹی بابر زمان، ریڈ پاکستان کے ڈائریکٹر شاہد سلیم سمیت دیگر موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ دیوالی محبتیں بانٹنے کا تہوار ہے اور ہندو برادری کے مذہبی تہوار کے موقع پر انتظامیہ اور دیگر کمیونٹی شانہ بشانہ ہندو برادری کی خوشیوں میں شریک ہو گی۔انہوں نے کہا کہ گنیش مندر میں پیش آنے والے افسوسناک واقع نے ثابت کیا کہ حکومت اپنی ہندو برادری کے ساتھ ہے اور بروقت تمام شرپسند عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا گیا جبکہ گنیش مندر کو پہنچنے والے نقصان کا بھی ازالہ کیا گیا اس سے بڑھ کر جس محبت، تحمل اور بھائی چارہ کی مثال مقامی آبادی نے پیش کی وہ قابل تقلید اور دیگر ممالک کے لئے بھی ایک روڈ ماڈل ہے کہ ایسے واقعات ہمارے آپسی اتحاد کو نقصان نہیں پہنچا سکتے ہیں۔انہوں نے امن و امان قائم رکھنے میں مقامی آبادی اور تمام مکاتب فکر کے علماء کرام و مذہبی اکابرین کی خدمات کو بھی خوب سراہاانہوں نے ریڈ پاکستان کی بھی عوامی خدمت کے جذبہ کی تعریف کی۔اس موقع پر اقلیتی ایم پی اے یدھسٹر چوہان نے کہا کہ پاکستان ہمارا وطن ہے اور اس ملک میں ہمیں اپنی مذہبی رسومات کی ادئیگی سمیت کاروبارکرنے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔اس موقع پرڈپٹی کمشنر نعمان یوسف نے ایم پی اے یدھسٹر چوہان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)ریاست علی، بابر زمان، شاہد سلیم کے ہمراہ ہندو برادری کے خاندانوں میں راشن بیگ تقسیم کئے۔قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے فاطمہ فرٹیلائزر ویلفیئر ٹرسٹ ہسپتال کا بھی دورہ کیا اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ طالب حسین رندھاوا بھی ان کے ہمراہ موجو دتھے۔ڈپٹی کمشنر نے فاطمہ فرٹیلائزر ٹرسٹ ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی سروسز کا جائزہ لیتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا۔ایم ایس ہسپتال ڈاکٹر افضل ثاقب نے ڈپٹی کمشنر کو ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی سروسز اور مستقبل کے منصوبوں بارے بریفنگ دی۔