کووڈ 19 وباکے دوران پاکستانی قوم کامیابی سے ابھری ، عالمی ادارہ صحت اور دیگر کئی اداروں نے پاکستان کی حکمت عملی کو سراہا ہے،چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی عاصم رؤف
اسلام آباد۔ (مظہر اسحاق چشتی سے ):ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عاصم رؤف نے کہا ہے کہ کووڈ 19 وباکے دوران پاکستانی قوم کامیابی سے ابھری جس کی گواہی نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں دی جا رہی ہے، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن اور دیگر کئی اداروں نے بھی کوویڈ 19 کے دوران پاکستان کی جانب سے اپنائی جانے والی حکمت عملی کو سراہا ہے، یہ تمام لوگوں کی اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اٹھارویں ہیلتھ ایشیاءاینڈ فارما ایشیاء2021 انٹرنیشنل ایگزیبیشن اینڈ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ کوویڈ 19 وباءکے دوران این سی او سی نے کامیابی سے اپنا کردار نبھایا ہے، این سی او سی کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کی بدولت کوویڈ 19 وباءکے دوران کوویڈ کے پھیلائو کو روکنے میں بڑی حد تک مدد ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے دوران بہت سی چیزیں زیر غور آئیں، ان میں سب سے اہم سپلائی چین کا موضوع ہے، کوویڈ کے دوران سپلائی کے حوالے سے ہم کامیاب رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پورے دو سال ہم نے کوویڈ کے مریضوں کے لئے انجکشنز، کوویڈ ویکسینز، سینی ٹائزرز، وینٹی لیٹرز سمیت دیگر تمام سہولیات فراہم کی ہیں، سپلائی چین کے حوالے سے اب بھی چیلنجز ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ مزید اقدامات کر کے اس میں بہتری لانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ایک پالیسی مرتب کی گئی ہے جس کو منظوری کے لئے بھیجا گیا ہے، ہم امید کرتے ہیں کہ یہ پالیسی منظور کر لی جائے گی جس سے فارما انڈسٹری میں مزید بہتری آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی شعبے سے تعلق رکھتے ہیں اپنے کام کے ساتھ انصاف کریں، حصول تعلیم محض ڈگری کے حصول کا ذریعہ نہیں ہونی چاہیے بلکہ تحقیق کے ذریعے علم میں اضافے کے لئے بھی کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آج سے 15، 20 سال پہلے ایک شفاف اور معیاری ادارہ بن جانا چاہیے تھا، ہمیں آگے بڑھنے کے لئے سوچنا ہو گا۔
تقریب میں چیئرمین پی پی اے قاضی منصور دلاور، چیئرمین پی پی اے نارتھ ڈاکٹر فیصل کھوکھر، سینئر وائس چیئرمین عدنان گیلانی، عاطف اقبال، عادل حسن خان، قیصر وحید، امان اور دیگر نے شرکت کی۔