پرویز الہی اورعابد زبیری کی مبینہ آڈیو لیک پر چودھری پرویزالٰہی کا ردعمل
یوتھ ویژن نیوز ( ویب ڈسک )آڈیو لیک کے حوالے سے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کا رد عمل بھی سامنے آگیا۔
تفصیلات کےمطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ محمد خان بھٹی کے وکیل سے گفتگو کو غلط رنگ دیا جارہا ہے ۔
یہ بھی پڑھیں: ہارٹ اٹیک کا خطرہ بڑھانے والی چیزیں کون سی ہیں؟ماہرین نے بتادیا
انہوں نے کہا کہ حکومت انتقام میں اندھی ہوچکی ہے مخالفین کو جھوٹے کیسز میں جیلوں میں ڈالا جارہا ہے ۔محمد خان بھٹی دس دن سے لاپتہ ہیں ۔ن لیگ کی قیادت عدلیہ کیخلاف منظم مہم چلارہی ہے ۔چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ آڈیو میں کوئی غلط بات نہیں کی گئی۔
دوسری جانب صدر سپریم کورٹ بار عابد زبیری نے پرویز الہٰی کے ساتھ لیک آڈیو سے متعلق بیان میں کہا کہ میرے حوالے سے آڈیو کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ محمد خان بھٹی کا کیس سندھ ہائی کورٹ میں زیر التوا ہے، محمد خان بھٹی کیس کا سپریم کورٹ سے تعلق نہیں ہے۔
عابد زبیری کا کہنا تھا غلام محمود ڈوگر کا نومبر 2022 سے وکیل ہوں، توڑ مروڑ کر پیش کی گئی آڈیو کو جاری کرنے والے جھوٹے اور بدنیت ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: 48 لاکھ 40 ہزارمسلمان عمرہ زائرین سعودی عرب پہنچ گئے
صدر سپریم کورٹ بار عابد زبیری نے لیک ہونے والی آڈیو کو عدلیہ کی آزادی پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آڈیو سے بار کی قانون کی بالا دستی، جمہوری اور آئینی آواز کو دبانے کی کوشش کی گئی، آڈیو لیک جیسے گرے ہوئے حربے بار کی جدوجہد نہیں روک سکتے۔