حکومت کی ائی ایم ایف کو ، بجلی، گیس اور پیٹرول کی قیمت بڑھانے کی یقین دہانی
حکومت کی آئی ایم ایف کو قیمتیں بڑھانے کی یقین دہانی حکومت نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کو قیمتیں بڑھانے کی یقین دہانی کرا دی۔
وزارت خزانہ اور آئی ایم ایف کے درمیان ورچوئل اجلاس ہوا۔ ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق پاکستانی وفد کی قیادت وفاقی سیکرٹری خزانہ نے کی اور آئی ایم ایف مشن ہیڈ بھی اجلاس میں شریک تھے۔
اجلاس میں نویں جائزہ مشن کے لیے ڈیٹا اور شرائط کے بارے میں مذاکرات کیے گئے تاہم مذاکرات کا پہلا دور بے نتیجہ رہا اور آئی ایم ایف مشن کی تاریخ طے نہ پاسکی۔
ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ نے رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں معاشی اہداف پر بریفنگ دی جبکہ ٹیکس وصولی، گردشی قرضے، سبسڈی اور سیلاب اخرجات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
آئی ایم ایف نے یکم فروری سے بجلی اور گیس ٹیرف بڑھانے پر زور دیا جبکہ نئے ٹیکس کے اقدامات بھی فوری طور پر کرنے کا دباؤ ڈالا گیا۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے آئی ایم ایف کو اتفاق کردہ شرائط پر عملدرآمد کی یقین دھانی کرا دی۔
آئی ایم ایف اور وزارت خزانہ حکام کے درمیان ورچوئل مذاکرات کل مکمل ہوسکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق مشن کی آمد سے قبل آئی ایم ایف مطالبات کی منظوری چاہتا ہے۔ کل مذاکرات کے اختتام پر آئی ایم ایف مشن کی تاریخ کو حتمی شکل دیئے جانے کا امکان ہے۔