عوامی مسائل کے حل کے لئے حکومت تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ ڈی سی نعمان یوسف
رحیم یار خان(شمیل مرزا سے )ڈپٹی کمشنر نعمان یوسف نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر تمام سرکاری محکموں میں سروسز کے معیار میں اضافہ اور عوامی مسائل و شکایت کے بروقت ازالہ کے لئے اقدامات کر رہے ہیں جس کے تحت تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اپنی تحصیلوں میں عوامی روابط میں اضافہ کرتے ہوئے شہریوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر ہر ماہ کے پہلے دو ورکنگ ڈے پر ریونیو عوامی خدمت سروسز کے انعقاد کے موقع پر عوامی درخواستوں و شکایات کی سماعت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ عوام کی دہلیز پر مسائل حل کرنے کے لئے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ ہفتہ میں ایک روز اپنی تحصیل کی کسی ایک قانونگوئی میں کھلی کچہری کا انعقاد کریں جس میں محکمہ مال سمیت دیگر صوبائی محکموں کے تحصیل افسران بھی موجود ہوں اور موقع پر ہی شہریوں کے مسائل حل کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل میں بلا جواز رکاوٹیں کھڑی کرنے والے سرکاری ملازمین کو معاف نہیں کیا جائے گا۔شہری ایسے عناصر کی نشاندہی کریں بروقت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ریونیو عوامی خدمت سروسز کے دوسرے روز بھی ڈپٹی کمشنر نعمان یوسف نے متعدد شہریوں کی مختلف محکموں سے متعلق شکایات و مسائل کی سماعت کی اور درخواستوں پراحکامات جاری کئے۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)ڈاکٹر سدرہ سلیم، اسسٹنٹ کمشنر عظمان چوہدری، اسسٹنٹ کمشنر(ایچ آر) ریاست علی سمیت دیگر ریونیو افسران بھی موجود تھے۔