لاہورمیں کالعدم تنظیم کے کارکنان اور پولیس میں تصادم، 2 اہلکار شہید
وزیر اعلی عثمان بزدار کا قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی کا حکم "قانون کی عملدراری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے- افسوسناک واقعہ میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی کی جائے” – وزیراعلیٰ پنجاب
لاہور ایم اے کالج چوک پر پولیس اور کالعدم تنظیم ٹی ایل پی کے کارکنان کے درمیان تصادم کی وجہ سے بھگدڑ مچ گئی اور مظاہرین کی گاڑی تلے آکر دو اہلکار شہید ہوگئے۔
یوتھ ویژن نیوز کے مطابق لاہور میں کالعدم تنظیم تحریک لبیک پاکستان کا احتجاجی مظاہرہ جاری ہے اور اس دوران حالات اس وقت کشیدہ ہوگئے جب ایم اے کالج کے مقام پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان تصادم ہوگیا۔
تصادم کی وجہ سے بھگدڑ مچ گئی جس کے دوران مظاہرین کی گاڑی تلے 2 پولیس اہلکار آکر شہید ہوگئے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ تھانہ گوالمنڈی میں تعینات اہلکاروں ایوب اور خالد نے فرض کی انجام دہی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
پولیس کے مطابق مظاہرین کے پتھراؤ سے ایس ایچ او سمیت 6 اہلکار زخمی ہوگئے جنھیں قریبی اسپتال میں طبی امداد فراہم کی گئی۔