17ویں چولستان ڈیزرٹ جیپ ریلی میلہ کو شایان شان طریقے سے منانے کے لئے تمام تر اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے کمشنر بھاولپور
بہاول پور: (مظہر چشتی سے )9 فروری 2022ء سے شروع ہونے والے17ویں چولستان ڈیزرٹ جیپ ریلی میلہ کو شایان شان طریقے سے منانے کے لئے تمام تر اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔اس موقع پر قومی و بین الاقوامی مہمانوں کو علاقائی ثقافت اور تہذیب و تمدن سے روشناس کرانے کے لئے مختلف ثقافتی اور رنگارنگ تقاریب کے انعقاد سمیت مقامی چولستانی دستکاریوں اور فوڈ اسٹالز کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن محمد ظفر اقبال نے آج یہاں اپنے دفتر کے کانفرنس روم میں 17ویں چولستان ڈیزرٹ ریلی میلہ کے انتظام و انصرام کے حوالہ سے بروئے کار لائے گئے اقدامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بہاول پور عرفان علی کاٹھیا، ایڈیشنل کمشنر اشتمال طارق بخاری اورایڈیشنل ڈپٹی کمشنرفنانس اینڈ پلاننگ فاروق قمر سمیت دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن محمد ظفر اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 17ویں چولستان ڈیزرٹ جیپ ریلی میلہ 2022ء کے انتظامات شاندار انداز میں کئے جائیں اور اس سلسلہ میں تمام متعلقہ محکمے اور افسران اپنا فعال کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ چولستان ڈیزرٹ جیپ ریلی میلہ کے انعقاد سے خطہ کی ثقافت، تہذیب و تمدن اور ٹورازم کو فروغ حاصل ہو گا اور لوگوں کو بہترین ماحول میں تفریحی سہولیات سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا۔کمشنر بہاول پور نے کہا کہ چولستان جیپ ریلی میلہ میں کھیلوں کی سرگرمیوں سمیت آرٹ اینڈ کلچرل شوزبھی منعقد کرائے جائیں گے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ 9فروری کو ٹی ڈی سی پی ریزارٹ چولستان کے مقام پر گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹیکنیکل معائنہ کیا جائے گا۔ 10فروری کودل وش اسٹیڈیم ڈیراور میں کوالیفائنگ راؤنڈ، 11فروری کو پری پیئرڈ کیٹاگری ریس کا راؤنڈI، 12فروری کو سٹاک کیٹاگری ریس، 13فروری کو پری پیئرڈ کیٹاگری ریس فائنل راؤنڈ ہو گا اور ویمن کیٹاگری کی ریس ہو گی۔ بعد ازاں تقریب تقسیم انعامات منعقد ہو گی۔