الیکشن کمیشن کا بڑا حکم آ گیا۔ بہاولپور کی عوام خبردار
بہاول پور: (مظہر اسحاق چشتی سے )ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر بہاول پور نے بہاول پور سے تعلق رکھنے والے شناختی کارڈ کے حامل تمام افراد کو تاکید کی ہے کہ وہ اپنا اور اپنے گھر کے تمام افراد خصوصاً خواتین اور ایسے نوجوان جنہوں نے اپنا شناختی کارڈ نادرا سے حال ہی میں حاصل کیا ہو کے ووٹ کے اندراج کو شناختی کارڈ کے مستقل پتہ یا عارضی پتہ پر یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے اس سلسلے میں گھر گھر تصدیقی مہم کے لئے 7نومبر2021ء سے 6دسمبر 2021ء تک کا وقت مقرر کیا ہے۔ اس دوران تصدیقی عملہ گھر گھر جا کر ووٹرز کے کوائف کی جانچ پڑتال کے علاوہ تمام فوت شدہ افراد کے نام انتخابی فہرستوں سے حذف کرے گا۔ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر بہاول پور نے تمام تصدیقی عملہ کوہدایت کی ہے کہ وہ الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ ٹائم ٹیبل کے مطابق تمام اہل ووٹروں کے اندراج کو ان کے شناختی کارڈ کے مستقل پتہ یا عارضی پتہ پر اندراج کے ساتھ ساتھ تمام فوت شدہ افراد کے نام انتخابی فہرستوں سے حذف کرنے کے عمل کو یقینی بنائیں اور ووٹرز کے متعلقہ شمارتی بلاک کوڈ میں درج کریں تاکہ ہر قسم کی غلطی سے پاک انتخابی فہرست مرتب کی جا سکے۔