سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل کا ضلع بہاولپور کا دورہ
بہاول پور: (یاسر ملک سے )سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے بہاول پور کا دورہ کیا۔ کورونا ویکسین ہر دہلیز پر (RED) خصوصی مہم کے تحت محکمہ صحت کی فیلڈ ٹیموں کو چیک کیا اورڈور ٹو ڈور جاکر کورونا مہم کی مانیٹرنگ بھی کی۔ اس موقع پر انہوں نے شہریوں سے بھی گفتگو کی اور انہیں محکمہ صحت کی ٹیموں کے ساتھ تعاون بارے اپیل کی۔ قبل ازیں سیکرٹری زراعت نے ضلع بہاول پور میں کورونا ویکسین مہم (RED) کاجائزہ لینے کے لئے اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کی ٹیمیں کورونا ویکسینیشن مہم کے اہداف کے حصول کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ لاری اڈوں، سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں عوام الناس اور طلباء و طالبات کو سو فیصد ویکسین لگائیں تاکہ اس مہم کے بہترین نتائج حاصل کئے جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کے تمام افسران فیلڈ میں نکلیں اور ہر گھر تک اپنی رسائی یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسین لگوانے سے انکار کرنے والوں کو اس وائرس کے مہلک اثرات بارے آگاہ کیا جائے اور معززین علاقہ اورعلماء کرام کو بھی اس مہم میں شامل کیا جائے تاکہ مطلوبہ ہدف کے حصول کو یقینی بنایا جاسکے۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ پبلک وپرائیویٹ اداروں میں صرف کورونا ویکسین لگانے والوں کی ہی انٹری کو یقینی بنایا جائے۔