24 ملین کی ٹیکس ریکوری ، ٹیکس افسران میں تعریفی اسناد تقسیم
بہاول پور: ( یاسر ملک سے)ٹیکس کی مد میں 24 ملین روپے کی ریکارڈ ریکوری پرٹیکس افسران میں تعریفی اسنادتقسیم کی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر ان لینڈ ریونیو ممتاز خان کی ہدایت پر محکمہ انکم ٹیکس بہاول پور کے افسران اسسٹنٹ کمشنر فاطمہ قیوم اور عظمیٰ نیازی نے اسسٹنٹ کمشنر سید شرافت حسین کی قیادت میں ادارہ کے دیگر عملہ کے ہمراہ مختلف آ ئل ملز کا اچانک دورہ کر کے ان کا ریکارڈ چیک کیا اور انہیں قانون کے دائرہ میں لاتے ہوئے خوش اسلوبی سے قانونی ٹیکس24 ملین روپے کی ادائیگی کو یقینی بنایا۔ چیف کمشنر انکم ٹیکس ڈاکٹر سرمد قریشی نے بہاول پور انکم ٹیکس عملہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں تعریفی اسناد سے نوازا ہے۔انہوں نے اس موقع پراظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ قانونی ٹیکس کی ادائیگی درحقیقت معیشت کی بحالی اور ملکی ترقی کے لئے بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔تاجران و فیکٹری مالکان از خود خوش اسلوبی سے بمطابق قانون ٹیکس ادائیگی کو یقینی بنا کر قومی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ بہاول پور کے ٹیکس افسران کی کارکردگی قابل ستائش اور دیگر شہروں کے افسران کے لئے قابل تقلید ہے۔ انہوں نے کہا کہ محنت اور جانفشانی سے کام کرنے والے افسران وعملہ کی حوصلہ افزائی جاری رہے گی۔