وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات شوکت ترین سے پاکستان میں جمہوریہ عراق کے سفیر کی ملاقات
اسلام آباد۔ (عاقب ابراہیم غوری سے ):وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات شوکت ترین سے پاکستان میں جمہوریہ عراق کے سفیر حامد عباس لفتا نے فنانس ڈویژن میں ملاقات کی۔
ملاقات میں وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی/مشرق وسطیٰ مولانا طاہر محمود اشرفی بھی موجود تھے۔ مشیر نے کہا کہ پاکستان اور عراق مشترکہ تاریخ، مذہب اور ثقافتی اقدار کی مضبوط بنیادوں پر برادرانہ تعلقات رکھتے ہیں۔ انہوں نے تیل اور گیس کے شعبے میں دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
حامد عباس لفتا نے دونوں ممالک کے درمیان گہرے تاریخی تعلقات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ عراق پاکستان کو تسلیم کرنے والے پہلے ممالک میں شامل ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
پاکستان میں جمہوریہ عراق کے سفیرحامد عباس لفتا اور وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات شوکت ترین نے بھی دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا اور دو طرفہ حالیہ پیش رفت پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔ دونوں فریقین نے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کا عہد کیا۔