شیڈولڈ بینکوں کے ڈیپازٹس میں 13٫2 فیصد اضافہ
اسلام آباد۔(عاقب ابراہیم غوری سے ):رواں سال کے پہلے 10 ماہ میں شیڈولڈ بینکوں کے ڈیپازٹس میں 13٫2 فیصد جبکہ سرماریہ کاری میں 21 فیصد اور قرضہ جات کے اجرا میں 11 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان ( ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق سال 2020 کے مقابلہ میں رواں سال 2021 کے پہلے 10مہینوں میں جنوری تا اکتوبر کے دوران بینکوں کے ڈیپازٹس کے حجم میں2٫258 کھرب روپے اضافہ سے ڈیپازٹس 19٫343 کھرب روپے تک بڑھ گئے۔
اس طرح بینکوں کی جانب سے کی جانے والی سرمایہ کاری بھی اس عرصہ میں 2٫376 کھرب روپے کے اضافہ سے 13٫796 کھرب روپے تک پہنچ گئی۔ ایس بی پی کے مطابق جنوری تا اکتوبر 2021 میں بینکوں کی جانب سے قرضوں کی فراہمی میں 927 ارب روپے کا اضافہ ہوا اور قرضوں کا اجرا 9٫394 کھرب روپے تک بڑھ گیا۔
اس طرح گزشتہ سال 2020 کے مقابلہ میں سال رواں 2021 کے ابتدائی10 ماہ میں شیڈول بینکوں کے ڈیپازٹس میں 13 فیصد سے زیادہ جبکہ سرمایہ کاری میں 21 فیصد اور قرضوں کی فراہمی میں 11 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سال 2020 کے دوران بینکنگ سیکٹر کے ڈیپازٹس میں 22 فیصد یعنی 3٫204 کھرب روپے کااضافہ ہوا تھا اور اس دوران بینکوں کی جانب سے ڈیپازٹس کے 10 فیصد کے مساوی قرضہ جات فراہم کئے گئے تھے۔