رواں سال کے پہلے پانچ مہینوں میں 70 کاروباری اداروں نے خصوصی اقتصادی زونزمیں ایکٹوسٹیٹس حاصل کیا
اسلام آباد۔ (عاقب ابراہیم غوری سے ):رواں سال کے پہلے پانچ مہینوں میں 70 کاروباری اداروں نے خصوصی اقتصادی زونز( ایس ای زیڈز) میں ایکٹوسٹیٹس حاصل کیا ہے جبکہ گذشتہ8 سالوں میں صرف200 کاروباری اداروں کو یہ سہولت حاصل ہوئی تھی۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان( ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق رواں سال جنوری میں خصوصی اقتصادی زونز منیجمنٹ انفارمیشن سسٹم کا آغازکیا گیا جس کے بعد صرف پہلے پانچ مہینوں کے دوران 70 کاروباری اداروں کو ایس ای زیڈز میں ایکٹوسٹیٹس دیا گیا ہے جبکہ گذشتہ8 سال کے دوران یہ تعداد200 رہی تھی۔
پاکستان میں خصوصی اقتصادی زونز کے حوالے سے مرکزی بینک نے اپنی رپورٹ میں مزید کہا ہے کہ ایس ای زیڈ منیجمنٹ انفارمیشن سسٹم( ایس ای زیڈ ایم آئی ایس) بورڈ آف اپروول کےلئے زونز کی آن لائن رجسٹریشن کرتا ہے جس کے بعد کاروباری اداروں کو کام کرنے کی اجازت کم سے کم وقت میں دی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان سرمایہ کاری بورڈ(بی او آئی) کے زیر انتظام ایس ای زیڈ ایم آئی ایس سسٹم چلایا جارہا ہے تاکہ مقامی و غیرملکی سرمایہ کاروں کو خصوصی اقتصادی زونز میں بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔