ڈالرآپے سے باہر،قیمت میں اضافے کا سلسلہ جاری
یوتھ ویژن نیوز ( عاقب غوری سے )ڈالر کی قدر میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے ، انٹربینک میں ڈالر مزید پانچ پیسے کے اضافے کے ساتھ 224.69 روپے کا ہوگیا۔
تفصیلات کےمطابق کاروباری روز کے اختتام پر انٹر بینک میں ڈالر 5 پیسے مہنگا ہوا۔ انٹربینک میں ڈالر 224.65 سے بڑھ کر 224.70 پر بند ہواجبکہ اوپن مارکیٹ میں آج ڈالر کی قیمت 234 رہی۔اوپن مارکیٹ اور انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں نو روپے 31 پیسے کا بڑا فرق دیکھنے کو ملا، جو تقریباً سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے دور کی قیمتوں میں فرق کے قریب پہنچ چکا ہے۔ مفتاح اسماعیل کے دور میں یہ فرق 10 روپے سے تجاوز کرگیا تھا ۔
حالیہ فرق کی وجہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قلت بتائی جارہی ہے۔ ذخیرہ اندوزوں نے ڈالر ذخیرہ کرلیا ہے اور حکومت کی جانب سے بھی مارکیٹ میں ڈالر ریلیز نہیں کئے جارہے۔ واضح رہے کہ پاکستان میں اس وقت ڈالر کی قلت شدت اختیار کرچکی ہے، درآمدی کارگو کی کلیئرنس کے لیے ڈالر دستیاب ہی نہیں۔ جس کی وجہ سے بینکس ایل سیز (لیٹر آف کریڈٹ) نہیں کھول رہے اور ادویہ ساز اداروں نے بھی ملک میں بحران کی گھنٹی بجا دی ہے۔