وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور ڈاکٹر اطہر محبوب کا سیکرٹری زراعت ثاقب علی عطیل کے ہمراہ دبئی میں ایکسپو 2020 میں شرکت
وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کا سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل کے ہمراہ دبئی میں جاری ایکسپو 2020 کے موقع پر مختلف عالمی اداروں سے اعلیٰ تعلیم اور زرعی ترقی کے لیے باہمی تعاون اور اشتراک کا جائزہ۔
انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور اور سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل دبئی میں جاری ایکسپو 2020 کے دورے کے موقع پر پاکستانی پویلین کی سرگرمیوں میں شریک ہیں ۔ اپنے دورے کے دوران وہ اعلیٰ تعلیم اور زرعی شعبے میں ہونے والی عالمی سطح کی جدید ترین پیش رفت اور بین الاقوامی اداروں سے مشترکہ منصوبوں سے متعلق روابط اور تعاون کا جائز ہ لیں گے۔ اس موقع پر پاکستانی پویلین میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کو بھی بھرپور انداز میں اجاگر کیا جا رہا ہے۔ جامعہ اسلامیہ نے حال ہی میں ڈائریکٹوریٹ آف انٹرنیشنل لنکجز کے ذریعے انٹرنیشنل سٹوڈنٹس کو داخلے کے لیے خوش آمدید کہا ہے۔پاکستانی ایکسپو میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے جدید ترین تعلیمی پروگراموں، بہاولپور کی تاریخی حیثیت اور تہذیبی ورثے کو شاندار انداز میں اجاگر کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے ایک تعارفی ویڈیو بھی تیار کی گئی ہے جو خصوصی طور پردبئی ایکسپو میں چلائی جائے گی۔ دریں اثناءوائس چانسلر نے متحدہ عرب امارات کے جدید ٹیکنالوجی کے ادارے میگنیٹک ٹیکنالوجیزکا دورہ کیا۔ یہ ادارہ گزشتہ 30برسوں سے 25ممالک میں زراعت، ماحولیات، تعمیراتی صنعت، توانائی اور صحت کے شعبوں میں خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ وائس چانسلر اور سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب نے دورے کے دوران میگنیٹک ٹیکنالوجیز کے چیئرمین جنید محمد خورے سے ملاقات کی اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور اور جنوبی پنجاب میں زراعت، ماحولیات اور دیگر سائنسی امور پر باہمی تعاون اور پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں ادارے کی نمائندہ مرجونہ عبدا لیوا نے مختلف شعبوں میں جدید ترین ٹیکنالوجیزپر بریفنگ دی جن میں مصنوعی بارش سے بنجر اور صحرا ئی علاقوں کی آبادکاری بھی شامل ہے۔ ملاقات میں میگنیٹک ٹیکنالوجیز کی جانب سے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں ایک تجرباتی مر کز کے قیام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹرانٹرکراپنگ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ڈاکٹر محمد علی رضا اور محمد خالد شیخ ایگزیکٹوسیکرٹری کوارڈینیٹر بھی موجود تھے۔