پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے ۔

یوتھ ویژن نیوز ( مبشر بلوچ سے )تفصیلات کےمطابق پیٹرول کی قیمت میں 8.98 روپے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 1.06 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق اگر حکومت پیٹرول اور ایچ ایس ڈی کی قیمتوں میں بالترتیب 8.98 روپے اور 1.06 روپے فی لیٹر اضافہ کرتی ہے تو پیٹرول کی قیمت 214.80 روپے سے بڑھ کر 223.78 روپے فی لیٹر ہو جائے گی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 228.86 روپے ہو جائے گی۔
پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کے برعکس مٹی کے تیل کی قیمت جنوری 2023 کی دوسرے ہاف کے لیے 3.10 روپے سے 168.73 روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 2.39 روپے کمی سے 166.61 روپے فی لیٹر ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ اگر پٹرول کی قیمت میں اضافہ نہ ہوا تو حکومت پیٹرولیم لیوی کی شرح کو ایڈجسٹ کرکے 16 سے 31 جنوری تک قیمتیں موجودہ سطح پر برقرار رکھ سکتی ہے، لیکن قوی امکان یہی ہے پٹرول کی قیمتیں بڑھائی جائیں گی۔
اس وقت حکومت صارفین سے پیٹرول پر پیٹرولیم لیوی 50 روپے فی لیٹر اور ایچ ایس ڈی پر 32.50 روپے فی لیٹر وصول کر رہی ہے۔ پیٹرولیم لیوی کے علاوہ اندرون ملک فریٹ ایکولائزیشن مارجن پیٹرول کی فروخت پر 3.51 روپے فی لیٹر اور ایچ ایس ڈی کی فروخت پر 0.81 روپے فی لیٹر مقرر کیا گیا ہے۔
ملک میں توانائی کی طلب کو مدنظر رکھتے ہوئے، تقریباً 1.3 بلین ڈالر کی لاگت سے ہر ماہ تقریباً 430,000 موٹر پٹرول یا پیٹرول، 200,000 ٹن HSD اور 650,000 ٹن خام تیل درآمد کیا جاتا ہے۔