مرغی ، دال اور پیاز کی قیمتیں زمین بوس۔۔۔۔۔۔ 20 اشیاء ضروریہ اپنی مان مانی پر برقرار
اسلام آباد۔ (عمران منیر قذافی سے ):ملک میں ہفتہ رفتہ کے دوران مرغی، دالوں اور پیاز کی قیمتوں میں کمی جبکہ 20 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
ادارہ شماریات پاکستان (پی بی ایس) کی جانب سے جمعہ کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 4 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتہ کے دوران جن چیزوں کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی ہے ان میں چکن (2.06 فیصد)، دال مونگ (9.39 فیصد) اور پیاز کی قیمت میں (3.12 فیصد) کی کمی شامل ہیں۔
سال بہ سال کی بنیاد پر گزشتہ سال کے اسی ہفتے کے مقابلے میں جن اشیا کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی، ان میں پیاز کی قیمت میں (41.63) فیصد، دال مونگ (31.20 ) فیصد، آلو (20.60) فیصد, ٹماٹر (15.69) فیصد اور دال ماش کی قیمت میں (0.76) فیصد کی کمی شامل ہے۔
مذکورہ ہفتہ کے دوران 20 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں جبکہ دوسری طرف 28 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا جن میں ٹماٹر (19.23 فیصد)، چینی (5.33 فیصد)، ویجیٹبل گھی 2.86 فی صد وغیرہ شامل ہیں۔صارفین کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ کا تعین ملک کے 17 شہروں کی 50 مارکیٹوں میں 51 ضروری اشیا کی قیمتوں میں کمی بیشی کی بنیادپرکیا جاتاہے۔