سی پیک منصوبوں نے پائیدار معاشی ترقی کی مضبوط بنیاد رکھ دی۔وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد:(واصب ابراہیم غوری سے ) وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ سی پیک منصوبوں نے ملک میں پائیدار معاشی ترقی کی مضبوط بنیاد رکھ دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے چین کے نیشنل ڈویلپمنٹ ریفارم کمیشن کے چیئرمین اور چینی سیاسی مشاورتی کانفرنس کے وائس چیئرمین سے ملاقات کی، اس ملاقات کے دوران دونوں اطراف نے سی پیک کے جاری منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا، اور سی پیک سے متعلق مستقبل کے اقدامات کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بیجنگ، چین کے سیاسی، مشاورتی کونسل کے وائس چیئرمین بھی ملاقات میں شریک تھے۔ اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ سی پیک، بی آر آئی منصوبے کا اہم جزو ہے اور سی پیک منصوبوں نے ملک میں پائیدار معاشی ترقی کی مضبوط بنیاد رکھ دی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹجک تعاون اور پارٹنرشپ لازوال ہے، کوویڈ کے باوجود، دونوں اطراف کے مشترکہ تعاون کی وجہ سے سی پیک کے تمام منصوبوں پر کام بتدریج آگے بڑھا، بیلٹ اینڈ روڈ کے فلیگ شپ منصوبے کے تحت سی پیک پاکستان اور چین دونوں کے لیے سٹریٹجک اہمیت کا حامل ہے، یہ منصوبہ دونوں ممالک کے عوام کو ٹھوس فوائد پہنچا رہا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے سی پیک کی بروقت تکمیل اور اس کی اعلیٰ معیار کی ترقی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک کے ابتدائی فیز کے منصوبوں نے پاکستان کے معاشی منظرنامے کو تبدیل کر دیا ہے، اس منصوبے نے پائیدار اقتصادی ترقی کی مضبوط بنیاد رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کے قومی ترقی اور اصلاحاتی کمیشن کا تعاون قابل تحسین ہے جبکہ پاکستان اور چین گوادر کو خطے کا معاشی مرکز بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ کورونا کے باوجود چین کے تعاون سے سی پیک منصوبوں پر کام جاری ہے۔ دونوں فریق گوادر کو علاقائی تجارت اور صنعت کے مرکز بنانے کے لیے کوششیں بھی جاری رکھیں گے، اور ایم ایل ون اور توانائی کے دیگر اہم منصوبوں کو بھی ترجیح دیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں