پاک فضائیہ نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اپنی امدادی مہم تیز کر دی
یوتھ ویژن نیوز (مظہر چشتی سے ) پاک فضائیہ نے بلوچستان، سندھ اور جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اپنی امدادی مہم تیز کر دی۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق مون سون کی موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں آنے والے شدید سیلاب کے باعث پاکستان بھر میں درجنوں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے اور سینکڑوں افراد بےگھر ہو گئے ہیں۔ اس تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیشِ نظر پاک فضائیہ نے اپنی امدادی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں اور نورواہ، ماد پور، کوٹ مگسی، فاضل پور، بستی جندو شاہ، حاجی پور، بستی ڈھونڈی پل، بستی لکھا، بگو کاکا، جاگیر گبول اور سعید آباد کے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو بروقت امداد فراہم کی جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیںِ سندھ کےعلاقوں میں 1100 ملی میٹر تک بارش ہو چکی
پی اے ایف بیسز بلوچستان، سندھ اور جنوبی پنجاب میں امدادی کارروائیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ پاک فضائیہ کے اہلکار سیلاب سے متاثرہ ضرورت مند خاندانوں تک امداد پہنچانے میں ہمہ تن مصروف ہیں۔ انسانی ہمدردی کے تحت 785 پکے ہوئے کھانے کے پیکٹ اور 2860 پاؤنڈ کی بنیادی اشیائے خوردونوش ضرورت مند خاندانوں میں تقسیم کی گئیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاک فضائیہ کی میڈیکل ٹیم نے 158 مریضوں کا علاج بھی کیا۔ امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔