17ویں انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی کی افتتاحی تقریب,چیمپئن ٹرافی کی نقاب کشائی
بہاول پور: (واصب ابراہیم غوری سے ) 17ویں انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی کی افتتاحی تقریب آج یہاں ڈی ایچ اے بہاول پور میں منعقد ہوئی جس میں سیکرٹری ٹورازم اسد اللہ فیض، کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن محمد ظفر اقبال، صاحبزادہ عثمان عباسی، صاحبزادہ فیض الرشید عباسی اورپراجیکٹ ڈائریکٹر ڈی ایچ اے بہاول پور بریگیڈئیر(ر) بشارت نے چیمپئن ٹرافی کی نقاب کشائی کی۔اس موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن محمد ظفر اقبال نے کہا کہ زندہ دلان بہاول پور چولستان ڈیزرٹ ریلی کے میزبان ہیں اور ان کی کشادہ دلی و مہمان نوازی آنے والے مہمانوں کے لئے اس خطہ کی بے مثال روایات کی آئینہ دار ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق خطہ میں ٹورازم کے فروغ کے لئے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چولستان ڈیزرٹ ریلی شاندار میگا ایونٹ ہے جس میں ریس کے ساتھ ساتھ رنگا رنگ ثقافتی سرگرمیاں بھی شامل کی گئی ہیں اورریلی کے موقع پر ڈویژن بھر کے تینوں اضلاع میں خوبصورت رنگا رنگ تقاریب و سپورٹس سرگرمیاں منعقد کی جا رہی ہیں جن میں ضلعی انتظامیہ اور دیگر اداروں کا کردار بہت نمایاں ہے۔کمشنر بہاول پور نے کہا کہ ٹی ڈی سی پی ریلی میں چاروں صوبوں کی نمائندگی شامل ہے اور یہ اتحاد و یگانگت کی بہترین مثال ہے۔ سیکرٹری ٹورازم اسد اللہ فیض نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹورازم کا ملک کی معیشت کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ہے اور17ویں انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی کے شاندار انعقاد میں عباسی خاندان، ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ، پاک فوج، رینجرز، پولیس اور دیگر اداروں کا تعاون شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ بہاول پور کی تاریخ شاندار ہے اور اس خطہ کی ثقافت بہت زرخیز ہے اور جنوبی پنجاب میں حکومت پنجاب ڈیزرٹ سفاری، واٹر سپورٹ، غازی گھاٹ پر میگاپراجیکٹ اور چیئر لفٹ و کیبل جیسے منصوبوں پر کام شروع کیا جا رہا ہے۔تقریب سے صاحبزادہ عثمان عباسی نے بھی خطاب کیا اور 17ویں انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد پیش کی۔انہوں نے توقع کا اظہار کیا کہ شرکائے ریلی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔افتتاحی تقریب سے معروف ریسرز عامر مگسی اور رونی پٹیل، ڈی ایچ اے بہاول پور کے پراجیکٹ ڈائریکٹر بریگیڈئیر بشارت، ایونٹ منیجر فیاض احمد نے بھی خطاب کیا اور شاندار ایونٹ کے انعقاد پر منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔اس موقع پر پنجاب کونسل آف دی آرٹ بہاول پور کی جانب سے فوک موسیقی پیش کی گئی۔
پریس ریلیز