سکھر الیکڑک پاور سپلائی کا انوکھا کارنامہ ، میٹرز ٹرانسفارمر سے بھی اوپر نصب کر دیئے
سکھر ( قاری عاشق حسیبن سے )بجلی چوری کی روک تھام کیلئے سیپکو نے انوکھا کارنامہ سرانجام دیتے ہوئے علاقے کے تمام صارفین کے میٹر ، ٹرانسفارمر سے بھی دو فٹ اوپر نصب کر دیئے۔
سیپکو کے سیکورنگ عملے نے ٹرانسفارمر سے اوپر میٹرز نصب کر دیئے ، ریڈنگ چیک کرنے کیلئے صارفین سمیت عملے کو دشواری کا سامنا ، صارفین نے حکام بالا سمیت سیپکو چیف سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سکھر الیکڑک پاور سپلائی (سیپکو ) کے سیکورنگ عملے کا انوکھا کارنامہ منظر عام پر آگیا ہے۔ میٹر سیکورنگ عملے نے سکھر کے علاقے فرہیکل کالونی نزد سول اسپتال سکھر میں چند ماہ قبل بجلی چوری کی روک تھام کیلئے سیکورنگ کرتے ہوئے علاقے کے تمام صارفین کے میٹر بجلی کے پولز پر نصب ٹرانسفارمر سے بھی دو فٹ اوپر نصب کر دیئے ہیں۔
عملے کی کارگزاری کی وجہ سے علاقہ مکین ریڈنگ دیکھنے کیلئے پریشان دیکھائی دیتے ہیں تو وہی سیپکو کے میٹر ریڈر میٹروں کی ریڈنگ کیلئے کبھی سڑھیوں تو کبھی گاڑیوں کے اوپر کرسی و ٹیبل رکھ کر میٹر ریڈنگ لینے میں مصروف دکھائی دیتے ہیں۔
علاقہ مکینوں کے مطابق چند ماہ قبل سیپکو سیکورنگ عملے نے علاقے میں آپریشن کر کے پول پر لگے ٹرانسفارمر سے اوپر میٹر نصب کئے جب شکایت کی تو عملہ صارفین کی شکایات سننے کو تیار نہیں تھا۔
اب ہمیں ریڈنگ چیک کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور سیپکو کا عملہ بنا دیکھے ہمیں اضافی یونٹوں اور ڈیڈیکشن بلز بھیج دیتا ہے جو انتہائی ظالمانہ اقدام ہے۔جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
فرہیکل کالونی کے مکینوں نے حکام بالا اور سیپکو چیف سے نوٹس لینے کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔